دہشت گردی اور عدم تحفظ کی وجہ سے پاکستانی قوم میں احساس محرومیت بڑھ رہا ہے : فیض الرحمان درانی

پشاور خود کش دھماکے میں درجنوں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر پوری قوم افسردہ ہے
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر فیض الرحمان درانی کی پشاور بم دھماکے پر مذمت

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر فیض الرحمان درانی نے پشاور بم دھماکے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے بد ترین دشمن ہیں اور ان کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت شدید بحرانوں کا شکار ہے اور اسلام دشمن اور پاکستان دشمن قوتیں ہمیشہ سے اس عظیم سلطنت کو غیر مستحکم دیکھنے کی خواہشمند ہیں۔ انہوں نے کہا اس وقت ہماری معیشت تباہی کے دہانے پر ہے۔ امن و امان کی ناگفتہ بہ صورتحال، دہشت گردی، بم دھماکے، خود کش دھماکے، روپے کی قدر میں کمی، بجلی کا بحران، صنعتی بحران اور ایسے ہی دیگر کئی مسائل حکومت کے لیے چیلنج ہیں۔ فیض الرحمان درانی نے کہا کہ حکومت ہو یا اپوزیشن پاکستان کی سالمیت، خود مختاری اور سلامتی ہر ایک کا مقصود ہونا چاہیے۔ انہوں نے پشاور بم دھماکے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام دہشت گردی اور انتہا پسند ی کی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے خودکش دھماکے کے نتیجے میں درجنوں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کیا اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اس حادثہ پر پاکستان عوامی تحریک اور ساری قوم افسردہ ہے۔ ہم بم دھماکے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر اس بات پر زور دیا کہ اس وقت ملک نازک موڑ پر کھڑا ہے۔ پوری قوم کو متحد ہو نے کی ضرورت ہے تاکہ بیرونی دباؤ اور اندرونی خلفشار و مسائل سے نبرد آزما ہوا جا سکے۔ فیض الرحمان درانی نے امن و امان کے حوالے سے کہا کہ ملکی حالات کو دیکھتے ہوئے آج ہر محب وطن پاکستانی فکر مند ہے۔ دہشت گردی اور عدم تحفظ کی وجہ سے پاکستانی قوم میں احساس محرومیت بڑھ رہا ہے۔ احساس محرومیت کا خاتمہ ہی امن کا پیش خیمہ ہے۔

تبصرہ