پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل آزادی اور بنیادی حقوق حاصل ہیں : سہیل احمد رضا

اسلام امن و سلامتی، باہمی اخوت، محبت اور بھائی چارے پر مبنی دین فطرت ہے
سہیل احمد رضا کی باباگورو نانک کے یوم پیدائش پر امریکہ اور کینیڈا سے آئے سکھ یاتریوں سے ملاقات میں گفتگو

اسلامی ریاست ہونے کی بنا پر پاکستان میں غیر مسلموں کو سارے حقوق حاصل ہیں۔ آئین اور دستور کے مطابق ہر شخص کو اپنے مذہب کے مطابق زندگی گزارنے کا مکمل حق حاصل ہے۔ ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن انٹرنیشنل کے شعبہ بین المذاہب تعلقات کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا نے باباگورو نانک کے یوم پیدائش کے سلسلہ میں امریکہ اور کینیڈا سے سردار پرتپال سنگھ، سردار نجیب سنگھ صدر امریکن گردواراں پربندک کمیٹی کی قیادت میں آئے ہوئے سکھ یاتریوں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت اقلیتوں کے مذہبی مقامات اور عبادت گاہوں کی تعمیر و ترقی اور تحفظ کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے۔ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل آزادی اور بنیادی حقوق حاصل ہیں۔ اسلام نے غیر مسلموں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی مکمل ضمانت دی ہے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جب ایک اسلامی معاشرے کی بنیاد رکھی تو اس میں تمام مذاہب کے احترام کو لازم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم قرآن و سنت کی روشنی میں بین المسالک ہم آہنگی اور پھر بین المذاہب رواداری کے ماحول کو فروغ دے رہے ہیں۔ سہیل رضا نے کہا کہ اسلام نے ہمیشہ انتہا پسندی، دہشت گردی، فرقہ واریت اور انسانیت کے قتل کو حرام قرار دیا ہے۔ ہم ملک میں ہونے والی دہشت گردی اور مذہبی انتہا پسندی کی ہر سطح پر مذمت کرتے ہیں۔ ایسے عناصر جو ایسی کاروائیوں میں ملوث ہیں ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے اور وہ نہ ہی اسلامی تعلیمات سے واقف ہیں۔ اسلام امن و سلامتی، باہمی اخوت، محبت اور بھائی چارے پر مبنی دین فطرت ہے۔ ہمیں باہم اتفاق و اتحاد اور تمام مذاہب کے ساتھ مل کر ملک دشمن اور اسلام دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ہوگا۔

تبصرہ