چینی اور آٹے کے بحران سے تنگ مظلوم عوام پر گیس بم گرانا کسی طور پر بھی درست عمل نہیں : شیخ زاہد فیاض

دہشت گرد انسانیت کے بد ترین دشمن ہیں، پشاور بم دھماکے کی پر زور مذمت
پاکستان عوامی تحریک کے چیف آرگنائز شیخ زاہد فیاض کی جنوبی پنجاب سے آئے وفد سے ملاقات میں گفتگو

آج کا پاکستانی معاشرہ سیاسی، معاشی، سماجی اور اخلاقی طور پر زوال و انحطاط کی جس سطح پر نظر آتا ہے ان حالات میں مذہبی و سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ معاشرے میں ا ن اقدار کی بحالی کیلئے انفرادی اور اجتماعی سطح پرکاوشوں کو تیز کریں۔ انہوں نے پشاور میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید ترین الفاظ میں کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے بد ترین دشمن ہیں اور ان کاکوئی مذہب نہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے چیف آرگنائز شیخ زاہد فیاض نے پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو کی قیادت میں جنوبی پنجاب سے آئے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے پشاور بم دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام انتہاء پسندی اور ہر قسم کی دہشت گردی کی پر زور مذمت کرتا ہے۔ ایسے عناصر انسانیت کے قاتل ہیں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال نے عوام کو عدم تحفظ کے شدید احساس میں مبتلا کیا ہوا ہے، اس سے نجات دلانے کیلئے ہر طبقہ ہائے فکر کے موثر افراد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ملک میں خوف و ہراس کی فضاء کا خاتمہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا تحفظ اور قیام امن حکومت کی اولین ترجیح ہونا چاہیے اور اس مقصد کیلئے حکمرانو ں کو ٹھوس اقدامات کرنا ہونگے تاکہ ملک کو بحرانوں سے نکالا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر دہشت گردوں نے ملک میں خوف و ہراس پھیلا یا ہوا ہے۔ دہشت گرد انسانیت کے قاتل ہیں اور حکومت کو اس سے آہنی ہاتھوں سے نبٹنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا عامۃ الناس پر حملہ کرنا گہری سازش ہے۔ وہ ملک میں عدم تحفظ کا شدید احساس پیدا کر کے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ پشاور بم دھماکوں میں بیرونی ہاتھ کے ملوث ہونے سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ ملک دشمن عناصر ملک کو داخلی طور پر کمزور کر کے اس کی یکجہتی اور سالمیت کے خلا ف سازش کر رہے ہیں۔ جسے پوری قوم کو مل کر ناکام بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چینی اور آٹے کے بحران سے تنگ مظلوم عوام پر گیس بم گرانا کسی طور پر بھی درست عمل نہیں۔ عوام پہلے ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ سے تنگ تھے اور اب سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی گیس کی لوڈشیڈنگ کا اعلان کر کے عوام کا سکون برباد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف حکومت گیس کے نرخوں میں ہو شربا اضافہ کر چکی ہے تو دوسری طرف بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرنا غریب عوام کا معاشی قتل کرنے کے مترادف ہے۔ شیخ زاہد فیاض نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمر توڑ مہنگائی، اشیاء خورد و نوش کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتیں اور چینی کا بحران ایسے لگتا ہے کہ جیسے کنٹرول سے باہر ہو چکا ہے۔ عوام چینی کے حصول کے لیے مارے مارے پھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اقتدار کی سیاست چھوڑ کر عوام کے مسائل حل کرنے پر توجہ دے۔

تبصرہ