منہاج گرلز کالج کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات

منہاج کالج برائے خواتین ٹاؤن شپ میں طالبات کے لیے تقریب تقسیم انعامات 29 اکتوبر 2011ء کو منعقد ہوئی۔ جس کی صدارت ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی۔ مرکزی قائدین میں سے بریگیڈئر ریٹائرڈ محمد اقبال خان، جی ایم ملک، ایوان اقبال اکیڈمی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہر حمید تنولی، کرنل ریٹائرڈ محمد احمد، ملک شمیم احمد خان نمبردار، قاضی فیض الاسلام، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، علامہ نور الزمان نوری اور تحفیظ القرآن بوائز کالج کے پرنسپل علامہ حافظ نیاز احمد نے بھی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز صبح ساڑھے 10 بجے تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ جس کے بعد منہاج کالج برائے خواتین کی طالبات نے دف پر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ کالج کے پرنسپل کی طرف سے معزز مہمانوں کو استقبالیہ پیش کیا گیا۔

اس تقریب کے دوران کالج ہذا میں سال 11-2010ء میں امتیازی کارکردگی کی حامل اور پوزیشن ہولڈر طالبات، بزم منہاج کی عہدیداران، معزز اساتذہ کرام اور اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے اسٹاف ممبران میں اسناد اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ معزز مہمانوں میں ڈاکٹر طاہر حمید تنولی، ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور دیگر قائدین نے طلبہ و اسٹاف ممبران اور نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں شیلڈز اور اسناد کے علاوہ تعریفی سٹریفکیٹس بھی تقسیم کیے۔

تقریب کے دوران منہاج کالج فار ویمن کی ویب سائٹ [www.minhaj.edu.pk/MCW] کا افتتاح ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کیا جس کے بعد مسز ریحانہ طارق نے ویب سائٹ کے بارے میں تفصیلی تعارف پیش کیا۔

آخر میں ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج کالج برائے خواتین کی طالبات کی تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں روز بروز نکھار آرہا ہے، جو کالج ہذا کے اسٹاف اور بالخصوص قابل اساتذہ کرام کی محنت کا نتیجہ ہے۔ اس تعلیمی ادارے میں تعلیم حاصل کرنے والی طالبات اس لحاظ سے خوش قسمت ہیں کہ یہاں ان کے لیے تعلیم کے ساتھ ساتھ اعلیٰ ترین فنی و دینی تربیت کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔ جو عملی زندگی میں بہت بڑا سرمایہ ثابت ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے ملک بھر میں اپنے تعلیمی اداروں میں بامقصد تعلیمی نظام کو عام کررہی ہے۔ یہ وہ خواب ہے، جس کی تکمیل کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دنیا بھر میں کوشاں ہیں۔

تقریب کے اختتام پر بزم منہاج سیشن 12-2011ء کی نو منتخب عہدیداران نے حلف بھی اٹھایا۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے ان سے حلف لیا۔ پروگرام کا باقاعدہ اختتام دعا سے ہوا۔

تبصرہ