صاحبان اقتدار اور منتظرین اقتدار کی ترجیح پاکستان ہے نہ عوام

کرپشن کی دیمک چند مقتدر خاندانوں کی ہوس اقتدار کے باعث ہے
ٹھنڈے کمروں میں بیٹھ کر قومی خزانے کی لوٹ مار کرنے کی پلاننگ کرنے والے قوم کو کبھی ترقی اور خوشحالی نہ دے سکیں گے
عوام نظام انتخاب کے خلاف بیداری شعور مہم میں شریک ہو جائیں تا کہ خوشحال مستقبل کی ضمانت مل سکے
فیض الرحمان درانی کی افضل گجر کی قیادت میں آئے تاجروں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

بدترین معاشی اور انتظامی بحران میں گھرے پاکستان کو کرپشن کی دیمک چاٹے جا رہی جو چند مقتدر خاندانوں کی ہوس اقتدار کے باعث ہے۔ صاحبان اقتدار اور منتظرین اقتدار کی ترجیح پاکستان ہے نہ عوام۔ اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے افراد کے مفادات کے دو پاٹوں کے درمیان عوام گندم کے دانوں کی طرح پس رہے ہیں۔ تبدیلی باتوں سے نہیں بلکہ موجودہ انتخابی نظام کے خلاف موثر جدوجہد سے آئے گی۔ موجودہ ظالمانہ نظام اقتدار میوزیکل چیئرز کے گرد گھومنے والے چند خاندانوں کو مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے۔ عوام اپنے اصل دشمن کو پہچانیں جو موجودہ انتخابی نظام کی صورت میں ان کے حقوق پر مسلسل ڈاکہ مارے جا رہا ہے اور وہ بے بسی کی موت کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر فیض الرحمان درانی نے لاہور کے صدر افضل گجر کی قیادت میں آئے تاجروں کے ایک وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے بد ترین بحران نے تاجروں کا کاروبار تباہ کرنے کے ساتھ غریب کے چولہے کو بھی ٹھنڈا کر دیا ہے۔ ٹھنڈے کمروں میں بیٹھ کر قومی خزانے کی لوٹ مار کرنے کی پلاننگ کرنے والے قوم کو کبھی ترقی اور خوشحالی نہ دے سکیں گے۔ اس لئے ناگزیر ہے کہ موجودہ استحصالی نظام کے خلاف منظم جدوجہد کر کے ایسے طبقات کو ہمیشہ کیلئے اقتدار سے محروم کر دیا جائے۔ پاکستان عوامی تحریک کی نظام کے خلاف بیداری شعور مہم میں عوام شریک ہو جائیں تا کہ خوشحال مستقبل کی ضمانت مل سکے۔ پاکستان عوامی تحریک قوم کو تبدیلی کا درست راستہ دکھا رہی ہے جس پر چل کر حقیقی جمہوریت اور خوشحالی کی منزل تک پہنچا جا سکتا ہے۔

تبصرہ