جہلم: پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کے زیراہتمام قائد ڈے تقریب

پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ تحصیل جہلم کے زیراہتمام قائد ڈے کے حوالے سے منہاج اسلامک سنٹر جادہ میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، بعد ازاں محترمہ نوشابہ نے تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت نچھاور کیے۔ پروگرام میں نظامت کے فرائض محترمہ صفیہ رفعت صدر پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ جہلم نے سر انجام دیے۔ اس موقع پر اسلامک سنٹر جادہ کی اساتذہ اور طلبہ نے بھی بھرپور شرکت کی۔ پروگرام میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کو شمعیں روشن کر کے خراج تحسین پیش کیا گیا۔ بعد ازاں اسلامک سنٹر جادہ کے طلبہ نے اپنے قائد سے محبت کا اظہار تحریکی نغموں اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے علمی، فکری اور تحقیقی موضوعات پر تقاریر کی صورت میں کیا۔ منہاج نعت کونسل جہلم اور نکہ خلاص پور یونٹ نے بھی نغموں کی صورت میں قائد انقلاب کو خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور محترمہ مریم نعیم پرنسپل منہاج اسلامک سنٹر جادہ نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت یابی اور درازئ عمر کے لیے خصوصی دعا کی۔

تبصرہ