اسلام آباد: منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام استقبال ربیع الاول کینڈل واک کا انعقاد

منہاج القرآن ویمن لیگ اسلام آباد نے استقبال میلاد النبی صلیٰ اللہ علیہ وسلم کینڈل واک کا اہتمام کیا جس میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی نائب صدر راضیہ نوید، منہاج القرآن ویمن لیگ اسلام آباد کی صدر روبینہ سہیل، سمیت منہاج القرآن ویمن لیگ کی مسرت سلطانہ، طیبہ سلیم، عاصمہ خان، بلقیس شبیر اور شبانہ رشید شریک تھیں۔ واک میں بڑی تعداد میں شریک خواتین اور بچوں نے ہاتھوں میں کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر ’آقا صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد مرحبا، سرکار کی آمد مرحبا، حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم آپ آئے تو دل جگمگائے‘ تحریر تھا۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی نائب صدر راضیہ نوید نے واک کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ظلم کی چکی میں پستی اور سسکتی انسانیت پر اپنا خاص کرم فرماتے ہوئے نبی محترم حضرت محمد صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کو انسانیت کی رہنمائی کیلئے مبعوث فرمایا۔ حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جہالت کی تاریک اور بند گلی میں پھنسے لوگوں کو ہدایت اور روشنی کا راستہ دکھایا۔ وہ لوگ جو ایک دوسرے کی جان کے دشمن تھے، چھوٹی چھوٹی باتوں پر وحشیانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے اپنی ذاتی انا اور تسکین کیلئے دوسروں پر ظلم ڈھاتے تھے حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اخلاقی تربیت کی بدولت آج ان کا شمار دنیا کے معزز ترین افراد میں ہوتا ہے۔ ملک بھر میں غلامان رسول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خوشی میں ہر گلی ہر گھر اور ہر محلے کو اپنی بساط کے مطابق موم بتیوں، تیل کے دیوں اور برقی قمقموں سے سجاتے ہیں۔ اسی نسبت سے منہاج القرآن ویمن لیگ نے بھی اپنی بساط کے مطابق حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کے مہینے کے آغازپر ربیع الاول کا چاند نظر آنے کی خوشی میں کینڈل واک کااہتمام کر کے مقدس مہینے کااستقبال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کو پوری دنیا میں حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کے چراغ روشن کرنے کااعزاز حاصل ہے۔

مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ ہمیں چاہئیے کہ سارا سال ہی آپ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مدح سرائی میں کوئی کسر نہ اٹھارکھیں۔ خصوصاً ماہ ربیع الاول میں آپ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کی خوشی بڑھ چڑھ کر منائی جائے تاکہ نوجوان نسل کو پتہ چل سکے کہ عشق رسول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اطاعت رسول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہی مسلمانوں کی کامیابی کارازمضمر ہے کیونکہ اللہ تعالی نے خود آپ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام بھیج کر رہتی دنیا تک کے لوگوں کو یہ پیغام دے دیا کہ اے لوگو! میں اور میرے فرشتے آپ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام بھیجتے ہیں، تم بھی میرے پیارے پیغمبر پر درود و سلام بھیجا کرو۔

منہاج القرآن ویمن لیگ اسلام آباد کی صدر روبینہ سہیل نے شرکاء کو بتایا تحریک منہاج القرآن کے زیرِ اہتمام 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب کو مینار پاکستان کے سائے تلے عظیم الشان عالمی میلاد کانفرنس کاانعقاد ہورہا ہے، جس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کاخصوصی خطاب ہوگا۔ پاکستان سمیت دنیا بھر سے جید علمائے کرام، مشائخ عظام، قراء و نعت خوان حضرات اور معروف مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات کانفرنس میں شرکت کریں گی۔

تبصرہ