جہلم: منہاج القرآن ویمن لیگ کی سالانہ محفلِ میلاد

منہاج القرآن ویمن لیگ جہلم کے زیرِاہتمام سالانہ محفلِ میلاد النبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد ہوئی جس کی مہمانان خصوصی مسلم لیگ ق کی صدر شاہدہ شاہ، عورت فاؤنڈیشن کی سربراہ رشیدہ بیگم، مجلس وحدت المسلمین کی راہنماء تنویر فاطمہ، منہاج القرآن ویمن لیگ کی سابقہ صدر سعیدہ مغل، رضوانہ کوثر اور ڈاکٹر تسنیم تھیں۔

محفلِ میلاد کا آغاز تلاوتِ کلام پاک ہوا جس کی سعادت سمیعہ ظفر نے حاصل کی، جبکہ بارگاہِ رسالتمآب صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ نعت پیش کرنے والوں میں صوفیہ صاحبہ، افشاں، ارم، منہاج نعت کونسل لنگر پور، منہاج سسٹرز اور منہاج نعت کونسل جہلم شامل تھیں۔ راحیلہ رفعت اور تخریم رفعت نے نقابت کے فرائض انجام دیے۔

محفلِ میلاد سے خطاب کرتے ہوئے ایم ایس ایم سسٹرز کی کوآرڈینٹر وجیہہ کرن اور جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کی فاضلہ سمیرا شاہین نے کہا کہ نسبت رسول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بغیر ہمارا ایمان نامکمل ہے۔ عشق رسول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی جھلک ہماری زندگیوں میں عملی طور پر نظر آنی چاہیے تاکہ ہم اعمال سے اسلام کے پیغام کو غیر مسلموں تک احسن انداز میں پہنچا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضور سے نسبت ہماری دنیاوی و اُخروی زندگیوں کی کامیابی کی ضمانت ہے۔ حضور نبی کریم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم سے رشتے کو مضبوط کرنے کے لیے ہمیں اللہ اور فرشتوں کی سنت پوری کرتے ہوئے نبی کریم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں درودوسلام کا نذرانہ پیش کرنا چاہیے۔

منہاج القرآن ویمن لیگ جہلم کی طرف سے محفلِ میلاد النبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مہمان خواتین کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا مرتب کردہ ’نصاب برائے امن و انسداد دہشت گردی‘ کا تحفہ دیا گیا اور شرکاء میں بذریعہ قرعہ اندازی عرفان القرآن کے 14 نسخے تقسیم کیے گیے۔

تبصرہ