راولپنڈی: منہاج القرآن ویمن لیگ کی قائد ڈے تقریب

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیرِاہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 65ویں سالگرہ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب منہاج القرآن ویمن لیگ کے ضلعی سیکرٹریٹ البلال پلازہ چاندنی چوک راولپنڈی میں منعقد ہوئی، جس میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی سینئر نائب صدر راضیہ نوید سمیت منہاج القرآن ویمن لیگ کی عہدیدار و کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راضیہ نوید نے کہا کہ شیخ الاسلام پاکستان میں امید کی روشن ترین کرن ہیں۔ جب دہشتگردی کے باعث اسلام اور پاکستان کا چہرہ مسخ ہو رہا تھا تو ان کی جرات مندانہ آواز نے دنیا کی سوچ بدل دی۔ ان کی فروغ امن اور انسدادِ دہشتگردی کے لیے عالمی خدمات پر دنیا آج انہیں سفیرِ امن کے لقب سے یاد کرتی ہے۔ دورِ فتن میں شیخ الاسلام کا وجود کسی نعمت سے کم نہیں۔

منہاج القرآن ویمن لیگ راولپنڈی کی صدر ناہیدہ راجپوت کا کہنا تھا کہ فرقہ واریت، انتہاپسندی اور دہشتگردی سے لتھڑے اس ماحول میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی تربیت نے خواتین کو امن کا ضامن بنا دیا ہے۔ بین المذاہب ہم آہنگی اور بین المسالک رواداری کے فروغ کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور تحریک منہاج القرآن کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب پاکستان ایک پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ مملکت بن کر اسلامی دنیا کے لیے قائدانہ کردار ادا کرے گا۔ تقریب کے اختتام پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 65ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور ان کی درازئ عمر کے لیے دعا کی گئی۔

تبصرہ