لاہور: منہاج القرآن ویمن لیگ کے وفد کی خانہ فرہنگ میں سیدۃ النساءالعالمین کانفرنس میں شرکت

منہاج القرآن ویمن لیگ کے وفد نے مرکزی سیکرٹری جنرل انیلا الیاس کی سربراہی میں خانہ فرہنگ اسلامی جمہوری ایران میں سیدۃ النساءالعالمین سیدہ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب شرکت کی۔ تقریب کا اہتمام امامیہ آرگنائزیشن پاکستان نے مورخہ 4 اپریل 2016ء کو کیا تھا۔ تقریب میں سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور کی اہلیہ، امامیہ آرگنائزیشن کی صدر نازیہ گردیزی اور جماعتِ اسلامی خواتین ونگ کی مرکزی راہنماء راحیلہ قاضی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین شریک تھیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انیلا الیاس نے دختر رسول حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو انسانیت کی معراج قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیدہ فاطمہ سلام اللہ علیہا نے اسلام کو ایسا گھرانہ دیا جس نے اپنی جانیں راہ خدا میں پیش کر کے دین کو سرخرو کیا۔ واقعہ کربلا میں امام عالی مقام کی قربانی اور دربار کوفہ و شام میں سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی حق گوئی، تمام صنف نسواں کو پیغام دے رہی ہے کہ عورت گھر کی چاردیواری میں کارنامہ حیات انجام دے سکتی ہے۔ ماں کی آغوش ہی سے بچہ صاحب کمال و فضیلت اور بہترین کردار کا مالک ہوسکتا ہے۔ لہذا خواتین کی ذمہ داری بچوں کی تربیت کے سلسلے میں اور بڑھ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسوہ فاطمی امت کی نجات کا راستہ ہے۔

تبصرہ