کراچی: منہاج القرآن ویمن لیگ کا تنظیمی و تربیتی کنونشن

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی نظامت تربیت نے 13 اپریل سے 10 مئی 2016 تک مختلف اضلاع میں کارکنان کے لیے تربیتی کنونشنز کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں 24 اپریل 2016 کو منہاج القرآن ویمن لیگ کراچی کے زیراہتمام تنظیمی و تربیتی کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں منہاج القرآن ویمن لیگ مغربی پنجاب کی سیکرٹری جنرل عائشہ قادری، منہاج القرآن ویمن لیگ کراچی کی صدر رانی ارشد، سیکرٹری جنرل افنان بابر، نصاب امن مہم کی کوآرڈینیٹر کلثوم طفیل اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (سسٹرز) کی صدر زینب ارشد نے تربیتی لیکچرز دیے۔ کنونشن میں گلشن ٹاؤن، جمشید ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن، گڈاب ٹاؤن، لانڈھی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن اور بن قاسم ٹاؤن سے منہاج القرآن ویمن لیگ کی کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کنونشن کا آغاز تلاوت و نعت سے ہوا۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کراچی کی صدر رانی ارشد نے تربیتی کونشن کے بھرپور انتظامات پر افنان بابر اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کنونشن میں شریک مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور شرکاء کو خوش آمدید کہا۔

افنان بابر نے ’تنظیمی اخلاقیات اور مقصد کے حصول کا عزم‘ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری فکر و نظریہ کو پروان چڑھانے کے لئے ہمیشہ خواتین کو مردوں پر فوقیت دیتے ہیں۔ منہاج القرآن ویمن لیگ مصطفوی مشن کے فروغ کے لیے ایک متحرک فورم ہے جس کی کارکنان اور تنظیمات معاشرے میں عملی کردار ادا کر رہی ہیں۔

عائشہ قادری نے کنونشن میں شریک کارکنان کو منہاج القرآن ویمن لیگ کے نئے تنظیمی ڈھانچے سے متعارف کروایا۔ ام کلثوم قمر نے تحریک منہاج القرآن کی فروغ امن اور انسداد دہشت گردی کی مہم ’ضرب امن‘ کے حوالے سے بریفنگ دی اور زینب ارشد نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (سسٹرز) کے ورکنگ پلان کا خاکہ پیش کیا۔

تبصرہ