فیصل آباد: منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام پیغام شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس

منہاج القرآن ویمن لیگ فیصل آباد کے زیراہتمام پیغام شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس مورخہ 11 اکتوبر 2016 کو دارالعلوم نوریہ رضویہ گلبرگ اے میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا جس کے بعد امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام کی بارگاہ میں منقبت پیش کی گئی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن ویمن لیگ کی ضلعی صدر سیدہ اخترکلثوم نے کہا ہے کہ سیدہ کائنات فاطمہ الزہرہ سلام اللہ علیہا نے امام حسن علیہ السلام، امام حسین علیہ السلام اور سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی ایسی تربیت فرمائی کہ انہوں نے تاریخ عالم کی بے مثال قربانیاں دے کر قیامت تک کیلئے دین مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو زندہ کر دیا۔ آج سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے اسوہ پر چلنے والی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی ضرورت ہے۔ امت مسلمہ کی خواتین کو سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی صفات میں ڈھل کر ان کے کردار کا مظہر بننا ہو گا تب ہی زوال عروج میں بدلے گا۔ کربلا میں سیدہ زینب سلام اللہ علیہا نے حسینی قافلے کی سالار بن کر دنیا بھر کی خواتین کو اپنی ذمہ داریوں کا سبق دیا۔ کوئی سوچ اور قلم اس شجاعت اور استقامت کو بیان نہیں کر سکتی جو سیدہ زینب نے کربلا میں دکھائی۔ کربلا میں عاشورہ کا دن ڈھلتے ہی سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی شخصیت میں امام حسین علیہ السلام کا وقار اور عظمت دکھائی دینے لگی۔

کانفرنس سے نائب صدر فرحت دلبر قادری، روبینہ خاکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے اسوہ پر عمل کی راہ متعین کرنا ہو گی۔ ماؤں کو اپنی اولاد کی تربیت اس انداز میں کرنا ہو گی کہ آئندہ نسل سیدہ کائنات اور ان کی بیٹی سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے مشن کو آگے بڑھائے اور اسلام کی نشاۃ ثانیہ کیلئے اپنے تن من دھن کو لٹانے والی بنے۔ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی ذات مبارکہ آج کی عورت کیلئے نمونہ عمل ہے۔ آج کی ماں، بہن، بیوی اور بیٹی کو اپنے کردار سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی سیرت میں ڈھالنا ہونگے تاکہ آئندہ نسلیں حضرت امام حسن علیہ السلام، امام حسین علیہ السلام کے نقش قدم پر چلنے والی ہوں۔

تبصرہ