ڈنمارک: منہاج ویمن لیگ کے زیراہتمام محفل میلادالنبی (ص) کا انعقاد

کوپن ہیگن: منہاج القرآن ویمن لیگ ڈنمارک کے زیراہتمام 3 دسمبر 2016 کو منہاج القرآن اسلامک سینٹر ویلبی میں محفلِ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا جس میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ محفل کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا جس کی سعادت میمونہ رحمٰن نے حاصل کی۔ شبانہ احمد نے حمد باری تعالیٰ پیش کی، جبکہ کوکب اپل، مریم ارشاد اور وحیدہ ملک نے آقائے کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچاور کیے۔ نقابت کے فرائض شازیہ رانا نے احسن انداز میں سرانجام دئیے۔

علامہ ادریس جاوید الاہزری نے محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تخلیق تمام کائنات و مخلوقات کی تخلیق سے پہلے ہوئی مگر آپ کو مبعوث بعد میں کیا گیا۔ انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عظمت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک نے تمام انبیاء کو قرآن پاک میں ان کے ناموں کے ساتھ مخاطب کیا مگر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو جب مخاطب کیا تو آپ کے صفاتی ناموں سے بلایا۔ ناظمہ دعوت و تربیت نفیس فاطمہ نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے منہاج القرآن کے بنیادی اغراض و مقاصد اور نوجوان نسل کو درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے حاضرین کو منہاج القرآن کی لائف ممبر شپ لینے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ اس پُرفتن دور میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ایک نعمت ہے جو ویران دلوں کو محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے آباد کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے خواتین کو ماہانہ حلقات درود میں شرکت کرنے اور اپنے بچوں کو منہاج القرآن میں تعلیم حاصل کرنے کی دعوت بھی دی۔ محفل کے اختتام پر نفیس فاطمہ دعا کروائی اور مہمانوں کی تواضع ضیافت میلاد سے کی گئی۔

رپورٹ: ڈاکٹر شبانہ احمد

تبصرہ