فیصل آباد: منہاج اسلامک اکیڈمی میں فہم دین کورس برائے خواتین کی اختتامی تقریب

منہاج القرآن اسلامک اکیڈمی غلام محمد آباد میں فہم دین کورس برائے خواتین کی اختتامی تقریب 29 دسمبر 2016 کو منعقد ہوئی۔ تقریب میں مرکزی ناظمِ تربیت تحریک منہاج القرآن علامہ غلام مرتضیٰ علوی، منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدرفرح ناز، تحریک منہاج القرآن ضلع فیصل آباد کے امیر سید ہدایت رسول قادری، اللہ رکھا نعیم، میاں کاشف محمود، غلام محمد قادری، محمد ارشد مغل، محمدعارف نیازی، حفیظ احمد نقشبندی، محمد رمضان چشتی، ملک سرفراز قادری، فرحت دلبر قادری، روبینہ خاکی، رضوانہ بشارت جسپال، قمرالنساء خاکی، سید عظمت حسنین اور طارق نعیم سمیت فہمِ دین کورس کی شرکاء اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی کارکنان شریک تھیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے کہا کہ ہمارا معاشرہ اسلامی روح سے دور ہو گیا ہے، اس لیے ہماری زندگیاں حقیقی خوشی سے محروم ہیں۔ قرآن اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کمزور پڑ جانے والے تعلق کو مضبوط کر کے ہی ہم کامیاب اور مطمئن زندگی گزار سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سماجی، اخلاقی اور معاشرتی برائیوں کی بڑی وجہ دینی اقدار سے دوری ہے۔ آج کی دنیا ثقافتی یلغار کے زیر اثر ہے، اس محاذ پر مسلم سکالرز اور حکومت کو بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ سید ہدایت رسول قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کی لعنت کا بنیادی سبب حقیقی اسلامی تعلیمات سے بےخبری ہے۔ اسلام، انسانیت کو سلامتی اور امن دینے والا مذہب ہے۔ امن کی بحالی کیلئے ضروری ہے کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلق کو پختہ کیا جائے۔ ذات سے تعلق مضبوط ہو گا تو آپ کی سیرت کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی تحریک ملے گی۔

اس موقع پر فرح ناز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی گھرانہ دنیاوی سکون و راحت چاہتا ہے تو وہ سنت نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اپنی بیٹیوں کو عزت و احترام سے نوازے اور ان کی اعلیٰ تعلیم و تربیت کرے۔

رپورٹ: غلام محمد قادری (سیکرٹری اطلاعات تحریک منہاج القرآن ضلع فیصل آباد)

تبصرہ