پشاور: سیدہ کائنات کانفرنس

منہاج القرآن ویمن لیگ پشاور کے زیرِاہتمام یوم ولادت سیدۃ النساء العالمین فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کے موقع پر سیدہ کائنات کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا، جس کے بعد آقا دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت اور سیدہ فاطمہ سلام اللہ علیہا کی شان میں منقبت پیش کی گئی۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی صدر محترمہ روبینہ معین نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذریت فاطمہ سلام اللہ علیھا ہی ذریت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے اور کائنات کے پہلے سید خود آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہیں۔ سیدۃ النساء و العالمین حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیھا، امام حسن علیہ السلام اور امام حسین علیہ السلام بھی سید ہیں۔ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیھا کو اسی لئے سیدہ کائنات رضی اللہ عنھا کہتے ہیں۔ سیدہ کائنات نسبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، تعلق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، اطاعت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور رضائے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا محور و مرکز ہیں۔

انہوں نے کہا خواتین اسلام کے لئے سیدہ کائنات رضی اللہ عنہا کی ذات بابرکات اسی طرح اسوہ کامل ہے جس طرح نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات کو اللہ تعالیٰ نے پوری کائنات کے لئے اسوہ حسنہ قرار دیا ہے۔ دختران اسلام ہر شعبہ زندگی میں اپنے آپ کو سیدہ فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کی حیات مقدسہ کے آئینے میں دیکھیں تو ایک مثالی بیٹی، بہن، بیوی اور ماں کی خصوصیات درجہ کمال پر ملتی ہیں۔ شہزادی کونین اور شمع شبستان حرم نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ، حضرت سیدہ فاطمۃ الزہراء رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی پاکیزہ سیرت اور حیات طیبہ ہر دور کی مسلمان خواتین کے لئے ہر لحاظ سے نمونہ کمال اور واجب الاتباع ہے لہذا آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی حیات مقدسہ سے روشنی کشید کر کے موجودہ دور کی خواتین کو واضح نمونہ عمل دکھانا وقت کی اہم ترین دینی ضرورت ہے۔

تبصرہ