منہاج القرآن ویمن لیگ کا سہ روزہ تنظیمی و تربیتی کیمپ (28 تا 30 اپریل2017ء)

منہاج القرآن ویمن لیگ نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں 28 سے 30 اپریل 2017ء کو تین روزہ تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا۔ کیمپ میں ملک بھر سے 140 ضلعی و تحصیلی عہدیداران نے شرکت کی۔ کیمپ کا بنیادی مقصد گزشتہ تنظیمی کیمپ میں دیئے گئے ورکنگ پلان اور پراجیکٹس کے فیلڈ میں عملی نفاذ کا جائزہ لینا اور آئندہ آنے والے پانچ سالوں کیلئے ورکنگ کا لائحہ عمل تنظیمات کی مشاورت سے تیار کرنا تھا۔

کیمپ کا آغاز 28 اپریل کو بعد از نماز مغرب شام 6 بجے بختاور دعا نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ بارگاہِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ نعت پیش کرنے کی سعادت پشاور کی ناظمہ زرتاج بخاری نے حاصل کیا۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے تنظیمات کی عہدیداران کو خوش آمدید کہا اور ان کی ورکنگ اور وابستگی کو سراہا۔ تعارفی سیشن میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ افنان بابر نے تمام عہدیداران سے فرداً فرداً گفتگو کی اور ان کی ورکنگ کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

آخر میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خصوصی ویڈیو خطاب ’’خدمت دین میں عجز و انکساری کی اہمیت‘‘ سنایا گیا۔ اور دعا کے بعد دن کا اختتام ہوا۔

دوسرے دن کا آغاز صبح 10 بجے جہلم سے شریک شیزانہ عنصر نے تلاوت قرآن پاک سے کیا اور نعت مبارکہ ام حبیبہ نے پیش کی۔ افنان بابر نے تنظیمات کی گزشتہ کارکردگی اور ممبرشپ کی تجزیاتی و تنقیدی جائزہ لیا۔

ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے تحریک کی آئندہ سیاسی وسماجی لائحہ عمل پر گفتگو کی اور عہدیداران کے مختلف سوالات کے جوابات دے کر بہت سی غلط فہمیوں کا ازالہ کیا۔ انہوں نے اپنی گفتگو میں بالخصوص سانحہ ماڈل ٹاؤن کی موجودہ صورت حال پر روشنی ڈالتے ہوئے حکومت وقت کی چیرہ دستیوں کا پردہ چاک کیا۔

فرح ناز نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے میگا پراجیکٹ الہدایہ پر خصوصی بریفنگ دی اور معاشرے میں قرآن کی تعلیمات کی اہمیت کو اجاگر کیا، انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ جب تک قرآن کو اپنی زندگیوں میں مکمل طور پر شامل نہیں کیا جائے گا تب تک امت مسلمہ متحد نہیں ہو سکتی اور اپنا کھویا ہوا عروج دوبارہ حاصل نہیں کر سکے گی، انہوں نے قرآن پراجیکٹ الہدایہ کا سلیبس اور تنظیماتی نیٹ ورک پر رو شنی ڈالتے ہو ئے اسے عوام الناس کی اصلاح کا واحد ذریعہ اور آخری امید قرار دیا۔

چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے سہ پہر 3 بجے ٹیلیفونک خطاب کیا، انہوں نے اپنی گفتگو میں اسلامی معاشرے میں خواتین کے کردار کو واضح کیا اور منہاج القرآن ویمن لیگ کے سہہ جہتی کردار کے حوالے سے گفتگو کی اور قرآنی تعلیمات کے حصول کو کامیابی کا منبع و مآخذ قرار دیا۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی نائب ناظمہ شاہدہ مغل نے WOICE کے قیام کے اغراض و مقاصد بیان کئے اور تحصیلات میں پہلے سے موجود سوشل ویلفیئر نیٹ ورک کو WOICE سے منسلک ہونے کے طریقے کی وضاحت کی۔

نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن تنویر خان نے تنظیم کے حقیقی تصور اور تنظیمی نیٹ ورک میں یونٹ کی اہمیت پر طویل اور پر اثر گفتگو کی۔ جس کے بعد رات کا کھانا اور نماز عشاء کا اہتمام کیا گیا بعد ازاں محفل ذکرو نعت سجائی گئی۔

تیسرے دن کا آغاز لیہ سے شریک سارہ رضا نے تلاوت سے کیا اور راولپنڈی سے آنے والی ثانیہ نے ہدیہ نعت پیش کیا۔ سیدنا امام حسین کی بارگاہ میں منقبت پیش کی گئی۔ MSM کی سیکرٹری جنرل اقراء یوسف جامی نے MSM سسٹرز کے ورکنگ پلان پر تفصیلی گفتگو کی۔ اس کے بعد نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن محترم رفیق نجم نے تحریکی تسلسل اور مشن مصطفوی پر استقامت اور بلا توقف ورکنگ پر سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں پُرجوش گفتگو کی اور تنظیم سازی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے تنظیمی نیٹ ورک کی تکمیل کو انقلاب کی پہلی اور اہم ترین سیڑھی قرار دیا۔ رفیق نجم کی گفتگو کے بعد مرکزی نظامت تربیت کے ناظم اعلیٰ محترم غلام مرتضیٰ علوی نے تحریک منہاج القرآن کے فکری و عملی تسلسل پر خصوصی لیکچر دیا۔ بعد ازاں مرکزی ناظمہ برائے امور اطفال محترمہ ایمن یوسف نے رمضان پلان برائے اطفال تفصیلاً پیش کیا۔

آخر میں تمام زونل ناظمات نے اپنی تنظیمات کے ساتھ خصوصی ملاقات کی اور ان میں اعتکاف کے ٹارگٹ تقسیم کئے۔

فرح ناز نے رقت آمیز دعا کے ساتھ تنظیمی و تربیتی سیشن کا اختتام کیا۔

تبصرہ