پشاور: منہاج القرآن ویمن لیگ کی خانہ فرہنگ میں عرفان القرآن کورس کی افتتاحی تقریب

منہاج القرآن ویمن لیگ پشاور نے خانہ فرہنگ پشاور میں عرفان القرآن کورس کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا جس میں مرکز سے نظامت تربیت عرفان القرآن کورس کوآرڈینیٹر محمود مسعود قادری اور زونل ناظمہ عائشہ مبشر نے خصوصی شرکت کی، امیر تحریک منہاج القرآن پشاور اویس احمد قادری، سہیل مفتی اور دیگر بھی سٹیج پر موجود تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام مجید اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا، منہاج القرآن ویمن لیگ پشاور کی صدر مسز روبینہ معین نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔

کورآرڈینیٹر عرفان القرآن کورس محمود مسعود قادری نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علم کی فضیلت اور قرآن مجید سیکھنے اور سکھانے والوں کی عظمت بیان کی، انہوں نے عرفان القرآن کورس کا تعارف اور اس کی خصوصیات بھی بیان کیں۔ محترمہ عائشہ مبشر نے اپنی گفتگو میں خواتین کے لیے قرآنی تعلیمات کی اہمیت پر زور دیا، انہوں نے منہاج القرآن ویمن لیگ پشاور کی صدر محترمہ روبینہ معین اور اس کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ علاوہ ازیں امیر تحریک منہاج القرآن پشاور اویس قادری اور مسز عفت (نمائندہ خبریں نیوز) نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

اختتام پر عرفان القرآن کورس کی ایک کلاس کے آغاز کا اعلان کیا گیا جس میں قرآن سکالر محترمہ قرۃالعین تدریس کے فرائض سرانجام دیں گی۔

تبصرہ