قوم کی مائیں، بہنیں اور بیٹیاں شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ساتھ کھڑی ہیں: فرح ناز

16 اگست اجتماع تاریخی ہو گا، خواتین بڑی تعداد میں شرکت کریں گی
16 اگست کے اجتماع کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے صدر ویمن لیگ کا خطاب

لاہور (13 اگست 2017) پاکستان عوامی تحریک ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ 16 اگست مال روڈ کے اجتماع کو تاریخ ساز بنانے کیلئے مختلف شعبہ ہائے زندگی کی خواتین بڑی تعداد میں شرکت کریں گی، عوامی تحریک ویمن ونگ نے گھر گھر رابطہ مہم تیز کر دی ہے۔ اجتماع کی تیاریوں اور انتظامات کیلئے 15 سے زائد انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ دنیا دیکھے گی کہ 16 اگست کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا سے اظہار یکجہتی کیلئے عوامی تحریک کے علاوہ ہم خیال سیاسی جماعتوں، وکلاء اور سول سوسائٹی سے بہت بڑی تعداد میں خواتین شریک ہوں گی۔

سفاک حکمرانوں نے 17 جون 2014 کو معصوم شہریوں کو شہید کر کے پوری قوم کو یہ پیغام دیا کہ ان کے سینوں میں دل نہیں پتھر ہیں۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں 16 اگست کے اجتماع کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں اس موقع پر عائشہ مبشر، زینب ارشد، کلثوم جاوید، افنان بابر، عائشہ شبیر و دیگر خواتین بھی موجود تھیں۔

فرح ناز نے کہا کہ 16 اگست کو مال روڈ پر ملک بھر کی خواتین شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مطالبہ کریں گی کہ مظلوموں کو انصاف دیا جائے اور جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ کو پبلک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ظالم درندہ صفت حکمرانوں کے خلاف پوری قوم کو صف آراء ہونا ہو گا۔ 16 اگست کو ثابت ہو جائے گا کہ پوری قوم کی مائیں، بہنیں اور بیٹیاں شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ساتھ کھڑی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آج 17 جون کے سانحے کو تین سال 2 ماہ گئے ہیں۔ ہم اپنے شہید بھائیوں اور بالخصوص اپنی شہید بہنوں سے عہد کرتی ہیں کہ حالا ت چاہے کتنے ہی کٹھن ہو جائیں ان کا خون رائیگاں نہیں جائیگا۔ نام نہاد حکمرانوں سے انتقام قصاص کی صورت میں لے کر رہیں گے۔

تبصرہ