ملتان: منہاج القرآن ویمن لیگ کی سالانہ سیدہ زینب علیھاالسلام کانفرنس

منہاج القرآن ویمن لیگ ملتان کے زیراہتمام ساتویں سالانہ سیدہ زینب علیھاالسلام کانفرنس 12 نومبر 2017ء کو ملتان آرٹس کونسل میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت آمنہ ہاشمی نے کی جبکہ مہمان خصوصی صائمہ شوکت تھیں۔ کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت و نعت سے ہوا، منہاج ویمن نعت کونسل کی بچیوں نے دف کے ساتھ نعت شریف پیش کی جبکہ نقابت کے فرائض مصباح توقیر نے سرانجام دیئے۔

کانفرنس میں لاہور سے معروف خواتین اسکالر اور نجی ٹی وی کی اینکر پرسن نرید فاطمہ نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ میدان کربلا میں سیدہ زینب علیھاالسلام نے جس صبر واستقامت کا مظاہرہ کیا تاریخ اس کی مثال پیش کرنے سے قاصر ہے۔ آپ نے خواتین کیلئے جبروبربریت کے خلاف عظیم مثال قائم کی۔ آج ہم پر یزیدی نظام مسلط کردیا گیا ہے۔ معاشرے کو اس یزیدی نظام سے پاک کرنے کیلئے سیدہ زینب علیھاالسلام کی سیرت پر عمل کرنا ہوگا۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ افنان بابر نے کہا کہ سیدہ زینب علیھاالسلام نے میدانِ کربلا میں خواتین کیلئے حق کا معیار مقرر کردیا کہ جب بھی کسی یزید کا سامنا ہوتو اپنے خاندان کو قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کرنا چاہیے اور سیدہ زینب علیھاالسلام کی باندیاں بن کر یزیدیت کو للکارنا چاہیے۔ جب موجودہ دور کے یزید صفت حکمرانوں نے ماڈل ٹاؤن میں گولیاں برسا کر آج کے دور کی کربلا برپا کی تو سیدہ زینب علیھاالسلام کی باندیاں سرپر کفن باندھ کر یزیدی جبروبربریت کا مقابلہ کرنے کیلئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئیں۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی رہنما اور معروف سکالر پروفیسر یاسمین چاندنی نے کہا کہ سیدہ زینب علیھاالسلام نے دربار یزید میں جو تاریخی خطبہ دیا اس کی گونج آج بھی اہل حق کیلئے حوصلے کا باعث ہے۔ آپ کے ولولہ انگیز اور انقلابی خطبے نے تخت یزید کو ہلاکے رکھ دیا۔ منہاج القرآن ویمن لیگ ملتان کی صدر ہما اسماعیل نے کہا کہ سیدہ زینب علیھاالسلام نے اپنے پورے خانوادے کو دین اسلام کی خاطر اپنی آنکھوں کے سامنے قربان ہوتے دیکھا مگر صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔ آج بھی سیدہ زینب علیھاالسلام کا کردار و سیرت انقلابی خواتین کیلئے مشعل ِ راہ ہے۔

کانفرنس میں پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کی رہنما شہناز لودھی، تحریک انصاف کی رہنما قربان فاطمہ، غزل غازی، مسلم لیگ ق کی رہنما یاسمین خاکوانی، سرائیکستان ڈیمو کریٹک پارٹی کی رہنما عابدہ بخاری ، جماعت اسلامی، مجلس وحدت المسلمین اور شیعہ علماء کونسل کی خواتین رہنماؤں کے علاوہ معروف شخصیات پروفیسر ڈاکٹر مسز حمیدہ مظہر، مسرت خالد، ڈاکٹر سمیرا ابرار ملک، ڈاکٹر نگینہ زبیر، ڈاکٹر عالیہ رباب ہاشمی، مسز عدیلہ یاسر، مسز اشفاق احمد، ڈاکٹر رومیسہ باسط، مسز بشریٰ میمونہ، مسز عائشہ رحمن، مسز شکیل احمد، مسز راحیل احمد، مسز کامران شوکت، مسز رئیسہ کلیم، مسز محمد اسلم، امِ لیلیٰ ہاشمی، حاجرہ طاہر ہاشمی، مہک علی نے خصوصی شرکت کی۔

تبصرہ