منہاج القرآن ویمن لیگ چکوال کی 10 ویں سالانہ میلاد کانفرنس

منہاج القرآن ویمن لیگ چکوال کے زیر اہتمام 10 ویں سالانہ محفل میلاد مصطفی ﷺ ’’تاجدار ختم نبوت کانفرنس‘‘ العصر میرج ہال میں منعقد ہوئی۔ جس کی صدارت راضیہ نوید مرکزی سینئر نائب صدر ویمن لیگ نے کی۔ کانفرنس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

منہاج نعت کونسل چکوال اور منہاج نعت کونسل لاہور نے بارگاہ رسالت مآب میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ محترمہ راضیہ نوید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجدار ختم نبوت کی سیرت مصطفی ﷺ پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیا و آخرت کی کامیابیاں سمیٹی جا سکتی ہیں۔ حضور ﷺ کی سیرت طیبہ ایک روشن کتاب ہے جس کا ہر ہر باب اپنے اندر ہزاروں نورانی اوراق سمیٹے ہوئے ہے اور حضور ﷺ کی سیرت مبارکہ میلاد کا صدقہ ہے اگر میلاد نہ ہوتا تو سیرت نہ ہوتی۔

انہوں نے مزید کہا پاکستان کا قیام ایک مقصد اور نظریہ کے تحت عمل میں لایا گیا۔ آج حکمرانواں نے ختم نبوت کے قانون میں ڈاکہ ڈالا ہے اور ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کا خون رنگ لانے والا ہے۔ آج پھر پاکستان کو بچانے اور حقیقی تبدیلی کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔

کانفرنس میں نقابت کے فرائض ایم ایس ایم سسٹرز اور رافعہ عروج ملک نے سرانجام دیئے۔ مسز عظمیٰ عروج ملک نے شریک خواتین کا شکریہ ادا کیا۔ کانفرنس کے کامیاب انعقاد کے لئے رافعہ عروج ملک صدر منہاج القرآن ویمن لیگ اور کارکنان نے بھرپور کردار ادا کیا۔ آخر میں درود و سلام پیش کیا گیا، جس کے بعد خصوصی دعا کے ساتھ کانفرنس اختتام پزیر ہوئی۔

تبصرہ