فیصل آباد: عالمی یوم خواتین پر منہاج القرآن ویمن لیگ کا سیمینار

عالمی یوم خواتین 8 مارچ 2018ء کے موقع پر منہاج القرآن ویمن لیگ فیصل آباد کے زیراہتمام سیمینار منعقد ہوا، جس کی صدارت منہاج القرآن ویمن لیگ کی ضلعی ناظمہ فرحت دلبراعوان نے کی۔ سیمینار میں روبینہ خاکی، فریدہ علی، قمرانساء علی، تسنیم افضال، حرادلبر، شازیہ ارشد، نرجس عارف، مصباح افتخار، مسزکاشف امین دیگر خواتین بھی موجود تھیں۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی ضلعی ناظمہ فرحت دلبراعوان نے سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں خواتین کا بدترین استحصال ہوا، خواتین کیلئے مخصوص کیے گئے نوکریوں کے کوٹہ پر عمل نہیں ہوا اور نہ ہی خواتین کی تعلیم و تربیت کیلئے اعلیٰ تعلیمی اداروں کا دائرہ کار، اضلاع اور تحصیل کی سطح تک بڑھایا گیا۔ خواتین کو اعلیٰ تعلیم سے محروم رکھنا ان کا بدترین استحصال ہے۔ خواتین آج ماضی کی نسبت زیادہ غیر محفوظ ہیں، بچیوں کی آبرو ریزی اور قتل و غارت گری کے بدترین واقعات نے والدین کو خوفزدہ کر دیا ہے۔ دوسری جانب خواتین کی فلاح و بہبود کے حوالے سے حکومتی اعلانات بجٹ دستاویزات اور فائلوں تک محدود رہے۔

دیگر مقررین نے کہا کہ پنجاب خواتین کے تحفظ کے حوالے سے بدترین صوبہ ثابت ہوا، پنجاب میں سٹریٹ کرائم کا سب سے زیادہ شکار خواتین ہورہی ہیں۔ پنجاب حکومت کی ڈالفن فورس بھی ناکام ثابت ہوئی، انہوں نے کہا کہ اسلام اور آئین پاکستان نے خواتین کو جو مقام دیا ن لیگ کے دور حکومت میں اس مقام اور وقار کو چھینا گیا۔ آج خواتین کے عالمی دن کے موقع پر سانحہ ماڈل ٹائون کی شہداء شازیہ مرتضیٰ اور تنزیلہ امجد کے بچے انصاف مانگ رہے ہیں۔

تبصرہ