تعلیم یافتہ نوجوان وطن عزیز کا محفوظ مستقبل ہیں : ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

شہر اعتکاف میں ایم ایس ایم (سسٹرز) سے خطاب، سوشل میڈیا کوڈ آف کنڈکٹ پر اظہار خیال
مرکزی رہنما مسز فضہ حسین قادری نے الدعوۃ پروجیکٹ کی سکالرز کو کارکردگی پر شیلڈز دیں

لاہور (02 جون 2019) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے شہر اعتکاف میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (سسٹرز) کے زیر اہتمام’’ تعمیر وطن میں نوجوانوں کا کردار‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ طلباء و طالبات کی پہلی ذمہ داری محنت اور دیانت کے ساتھ قیمتی وقت حصول تعلیم پر صرف کرنا ہے۔ تعلیم یافتہ نوجوان وہ خواتین ہوں یا مرد وطن عزیز کا محفوظ مستقبل ہیں۔ محض ڈگری کا حصول تعلیم نہیں کہلاتا ہے تعلیم وہ ہے جس کے فوائد ملک اور قوم تک پہنچیں۔ انہوں نے دعوت دین کےلئے ذراءع ابلاغ کے استعمال بالخصوص سوشل میڈیا کے کوڈ آف کنڈکٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ فی زمانہ سوشل میڈیا دو طرفہ تبادلہ خیال کا مضبوط اور مربوط ذریعہ ابلاغ ہے، سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے کوڈ آف کنڈکٹ قرآن مجید میں سورۃ الحجرات اور سورۃ آل عمران سے لیں۔ سورۃ الحجرات میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے اے ایمان والوں اگر تمہارے پاس کوئی فاسق شخص خبر لے کر آئے تو خوب تحقیق کر لیا کرو اور نا سمجھی میں غلط اطلاع پر کسی کو نقصان نہ پہنچا بیٹھنا، اسی سورۃ مبارکہ میں ایک اور جگہ پر اللہ کا فرمان ہے اے ایمان والو کوئی قوم کسی قوم کا مذاق نہ اڑائے، عورتیں عورتوں کا مذاق نہ اڑائیں، طعنہ زنی، تہمت، بہتان، الزام تراشی سے دور رہو اور ایک دوسرے کو برے القابات اور ناموں سے مت پکارو۔ انہوں نے کہاکہ آج سوشل میڈیا میں ڈھٹائی سے جھوٹ بولا جاتا ہے، گمراہ کن پراپیگنڈہ کیا جاتا ہے، لوگوں کی پگڑیاں اچھالی جاتی ہیں، گھر برباد کئے جاتے ہیں، انہوں نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی ذمہ داران اور سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کو نصیحت کی کہ سوشل میڈیا کو دین اور اخلاقی اقدارکے فروغ کےلئے استعمال کریں، گالی کا جواب ہر گز گالی سے نہ دیں اور اسے درس و تدریس کا ایک ذریعہ بنائیں۔

دریں اثناء منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی رہنما فضہ حسین قادری نے الدعوۃ ڈیپارٹمنٹ کی سکالرز کے ساتھ شہر اعتکاف میں خصوصی ملاقات کی اور شہر اعتکاف میں ملک بھر سے آئی ہوئی معتکفات کی تربیت کرنے اور انہیں دین سکھانے کے حوالے سے اپنا شاندار اسلامی تربیتی، تدریسی کردار ادا کرنے پر شیلڈز دیں اور انہیں مبارکباد دی۔ انہوں نے کہاکہ الدعوۃ پروجیکٹ کی سکالرز نے تمام حلقہ جات میں دعوت دین اور تربیت کا حق ادا کیا۔ اس موقع پر مرکزی صدر منہاج القرآن ویمن لیگ فرح ناز، سدرہ کرامت، کلثوم طفیل، انیلہ ڈوگر، عائشہ مبشر، زینب ارشد، اُم حبیبہ، ام حبیبہ اسماعیل، جویریہ وحید و دیگر ویمن لیگ کی رہنما بھی موجود تھیں۔

تبصرہ