مادر ملت نے تحریک آزادی کی خاطر اپنا کیرئیر قربان کیا: فرح ناز

بڑے لیڈروں کی شناخت ان کی بڑی بڑی قربانیاں ہوتی ہیں: مرکزی صدر منہاج ویمن لیگ
محترمہ فاطمہ جناح عظیم خاتون رہنما تھیں: مادر ملت کی برسی کی تقریب سے خطاب

لاہور (09 جولائی، 2019ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ مادر ملت فاطمہ جناح کی فکر خواتین کے لیے مشعل راہ ہے، حصول پاکستان کی جدوجہد میں فاطمہ جناح کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، محترمہ فاطمہ جناح نے جدوجہد آزادی میں حصہ لینے کیلئے برصغیر کی مسلم خواتین کو بیدار کیا، فاطمہ جناح نے اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد سیاسی، سماجی ذمہ داریاں نبھائیں۔ آپ ایک کوالیفائیڈ ڈینٹسٹ تھیں مگر بر صغیر کے کروڑوں مسلمانوں کی آزادی کےلئے اپنا کرئیر قربان کر دیا۔ بڑے لیڈروں اور بڑے لوگوں کی شناخت بڑی قربانیوں سے ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاطمہ جناح کی رہنمائی اور محنت کی بدولت برصغیر میں حصول پاکستان کی جدوجہد مردوں کے ساتھ ساتھ عورتیں بھی سرگرم عمل ہوئیں۔ فاطمہ جناح بانی پاکستان کا خیال رکھنے والی شفیق بہن تھیں اور قائد اعظم محمد علی جناح کی سیاسی شریک بھی تھیں۔ فاطمہ جناح نے شب و روز قائداعظم محمد علی جناح کی خدمت کی، یہ خدمت درحقیقت صرف ایک بھائی کی خدمت نہ تھی بلکہ ایک عظیم رہنما کی خدمت تھی۔ فاطمہ جناح جانتی تھیں کہ محمد علی جناح اپنے مقاصد میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو یہ کامیابی امت مسلمہ کی کامیابی ہے۔ قائداعظم عظیم رہنما تھے اور فاطمہ جناح عظیم خاتون رہنما تھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مادر ملت کی 52 ویں برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سدرہ کرامت، کلثوم طفیل، آمنہ بتول، ام حبیبہ، کلثوم جاوید و دیگر خواتین رہنما بھی موجود تھیں۔

فرح ناز کا کہنا تھا کہ مادر ملت نے پاکستان بنانے کی جدوجہد میں بہت قربانیاں دی ہیں، فاطمہ جناح محمد علی جناح کی بہن ہونے کے ساتھ ساتھ ان کی فکری وارث بھی تھیں۔ انہوں نے بانی پاکستان کے ساتھ اپنی طویل رفاقت میں برادرانہ محبت، خلوص، تیمارداری اور مشاورت کا حق ادا کیا۔ فاطمہ جناح نے سیاسی خدمات کے ساتھ ساتھ سماجی و فلاحی کاموں کے لیے بھی خود کو وقف کیے رکھا، ان کے پاکستانی قوم پر اس قدر احسانات ہیں کہ شمار نہیں کیے جاسکتے۔ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ; نے خود فرمایا ’’ فاطمہ جناح میرے لیے حوصلہ ہیں‘‘۔ تقریب کے اختتام پر خاتون پاکستان کے درجات کی بلندی، ملکی سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعا کی گئی۔


Your Comments

منہاج القرآن
منہاج ویلفئیر
منہاج اوورسیز
پاکستان عوامی تحریک
اسلامک لائبریری
عرفان القرآان
خطابات
ماہنامہ منہاج القرآن
ماہنامہ دختران اسلام
کاپی رائٹ © 1994 - 2019 منہاج القرآن انٹرنیشنل. جملہ حقوق محفوظ ہیں.