حجاب عورت کی عظمت کا نشان اورخودداری کی پہچان ہے: صدر منہاج القرآن ویمن لیگ ملتان ہما اسماعیل کا اجلاس سے خطاب

منہاج القرآن ویمن لیگ ملتان کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صدر منہاج القرآن ویمن لیگ ملتان ہما اسماعیل نے خطاب کیا۔ اجلاس میں منہاج ویمن لیگ ملتان کی رہنماء نازیہ، صدف نقوی، ندا اشتیاق، صباء صفدر، انعم مصطفےٰ، مسز خالد محمود، مسرت عابد، مسز احمد قریشی، اسماء جاوید، عسیرہ، ماریہ، عائشہ سلیم، نتاشہ اقبال، سحرش حبیب اور دیگر خواتین نے شرکت کی۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی ضلعی صدر ہما اسماعیل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے عورت کو جو عزت و تکریم عطا کی وہ دنیا کا کوئی معاشرہ نہیں دے سکا۔ اسلام نے عورت کو ماں، بہن، بیوی اوربیٹی کی شکل میں تقدس کا اعلیٰ مقام عطا کیا۔ اب عورت کا بھی فرض ہے کہ وہ مادر پدر آزادی کی بجائے اسلامی اقدار کی پاسداری کرے۔

اسلامی اقدار میں حجاب کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ حجاب عورت کی عظمت کا نشان اورخودداری کی پہچان ہے۔ حجاب کے زریعے عورت کے مقام اور مرتبے میں اضافہ ہوتا ہے اور دیکھنے والا اپنی نظریں جھکا کر عورت کی تکریم کا اعلان کرتا ہے۔ مگر عالم مغرب عورت کی آزادی کے نام پر حجاب کے خلاف مہم چلا کر عورت کو بے توقیر کرنا چاہتا ہے۔

وہ حجاب کے نام پر اسلامی اقدار کے خاتمے کی سازش کررہا ہے، وہ چاہتا ہے کہ مسلم عورت حجاب کو بوجھ محسوس کرتے ہوئے اس سے چھٹکارہ حاصل کرلے تاکہ وہ بھی آزاد خیالی کے نام پر اسی طرح بے توقیر ہوجائے جس طرح مغرب میں ہوچکی ہے۔ مگر مسلم عورت یہ سازش کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ آج کی مسلم عورت کا فرض ہے کہ وہ معاشرے کو اسلامی اقدار سے روشناس کرانے کیلئے حجاب کے کلچر کو عام کرے۔

تبصرہ