منہاج ویمن لیگ کا معتکفین کیلئے آن لائن تربیتی لیکچرز کا پروگرام

معتکفین کو قرآن خوانی، نعت خوانی، آداب زندگی کے بارے میں لیکچرز دئیے جائینگے
آن لائن تربیتی نشستوں میں شرکت کے لئے خواتین اور بچوں کی رجسٹریشن جاری ہے: فرح ناز

لاہور (12 مئی 2020ء) تحریک منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے بڑے اجتماعات ممکن نہیں تاہم اس سال ذیلی فورم ایگرز نے بچوں کے لئے آن لائن نفلی اعتکاف اور تربیت کا آن لائن پروگرام وضع کیا ہے، 20 رمضان المبارک سے اس آن لائن تربیتی پروگرام کا آغاز ہو جائیگا، یہ تربیتی پروگرامز گوگل میٹ پر دوپہر اڑھائی بجے سے شام 4بجے تک جاری رہیں گے، فرح ناز نے کہا کہ آن لائن تربیتی پروگرامز کے دوران بچوں کو قرآن خوانی، نعت خوانی، آداب زندگی، قصص الانبیاء کے موضوع پر لیکچرز دئیے جائینگے، فرح ناز نے بتایا کہ بچوں کے لئے اس آن لائن تربیتی پروگرام کا عنوان ”الخلوۃ والتربیۃ“ رکھا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ نے خواتین کے لئے بھی آن لائن اعتکاف کا جامع پروگرام وضع کیا ہے جس کاعنوان ہے ”آئیں اپنے رب سے ٹوٹے ہوئے تعلق کو استوار کریں“ اس آن لائن پروگرام کے تحت ربط رسالت اور فیوضات محمدیہ ﷺ کے موضوع پر آن لائن خطابات ہونگے۔ انہوں نے بتایا محافل ذکر و نعت، مناجات الہیہ و مناجات امام زین العابدین ؓکے حوالے سے تربیتی نشستیں ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ نے ڈیجیٹل ورکنگ کے ذریعے اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی تعلیمات کو عام کرنے کا ملک گیر پروگرام وضع کیا ہے، انہوں نے بتایا معتکفات کو گوگل فارمز کے ذریعے رجسٹر کیا جائیگا، رجسٹرڈ ہونے والی معتکفات کو وٹس ایپ گروپ کے ذریعے مطلع کیا جائیگا۔

تبصرہ