تحریک منہاج القرآن نے عشرہ محرم الحرام میں محافل کے شیڈول کا اعلان کر دیا

تحریک منہاج القرآن شعبہ کورسز اور منہاج القرآن ویمن لیگ نے عشرہ محرم الحرام میں 10 روزہ محافل، فکری نشستوں کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام عشرہ محرم الحرام میں پورے پاکستان میں ڈسٹرکٹ و پی پی سطح پر سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کے تحت مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں یکم محرم الحرام سے 10محرم الحرام تک ”محرم الحرام ماہ اعلائے کلمۃ الحق“ کے عنوان سے تقاریب منعقد کی جائیں گی۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کے فورم ”ایگرز“ کے تحت میرے حسینؓ اور محفل ذکر اہل بیت ؓ کے عنوان سے محافل منعقد کی جائیں گی۔ ان محافل میں چھوٹے چھوٹے بچے اور بچیاں نعت رسول مقبول، منقبت اور ذکر اہل بیت بیان کریں گے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ سدرہ کرامت نے کہا ہے کہ ان محافل و پروگرامز کے انعقاد کا مقصد عوام الناس کے دلوں میں حب رسول اور اہل بیت رسول کی شان و عظمت کو اجاگر کرنا ہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز، مرکزی ناظمہ سدرہ کرامت، نائب ناظمہ انیلاالیاس ڈوگر، ام حبیبہ اسماعیل، عائشہ مبشر، رافع عروج ملک، ام کلثوم، ایمن یوسف و دیگر خواتین سکالرز ان تقاریب میں خطابات کریں گی۔

منہاج القرآن کے شعبہ کورسز و نظامت تربیت کے زیر اہتمام یکم محرم الحرام سے 10محرم الحرام تک ”دین است حسین ؑ“ کے عنوان سے فکری نشستوں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ ان پروگرامز میں معروف مذہبی سکالرز محب اہل بیت اور فلسفہ شہادت امام عالی مقام پر روشنی ڈالیں گے۔ سید ضیاء اللہ بخاری، علامہ شہزاد مجددی، مفتی رمضان سیالوی، علامہ محمود مسعود قادری، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، علامہ بدالرزمان صدیقی، ڈاکٹر سعید احمد سعیدی، عین الحق بغدادی، پروفیسر سلیم احمد چودھری، سعید رضا بغدادی سمیت دیگر نامور علمائے کرام خطابات کریں گے۔

معروف ثناء خوان زہیر بلالی، صغیر نقشبندی، سید ذیشان بخاری، حافظ محمد ناصر بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت اور شانِ اہل بیت میں منقبت پیش کریں گے۔

تبصرہ