منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 73ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی سمپوزیم

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خواتین کیلئے معیاری تعلیمی ادارے قائم کئے
منہاج ویمن لیگ کے زیراہتمام سمپوزیم میں جسٹس (ر) نذیر غازی، سہیل وڑائچ، سمیحہ راحیل قاضی کا اظہار خیال
سمپوزیم میں واصف ناگی، ڈاکٹر حلیمہ سعدیہ، سید فہد کاظمی، حمیرا مجید، سدرہ کرامت و دیگر نے خطاب کیا

MWL women empowerment event 2024

لاہور (28 فروری 2024ء) مسلم معاشرے میں عورت کے حقیقی مقام کے احیاء کے لئے تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے گراں قدر خدمات انجام دیں، پسماندہ علاقوں کی خواتین کے لئے بین الاقوامی معیار کی یونیورسٹی اور کالجز قائم کئے جہاں سے اعلیٰ تعلیم مکمل کرنے والی خواتین کی تعداد ہزاروں میں ہے، خواتین کو تعلیم دینا ہی ویمن امپاورمنٹ ہے۔ تحریک منہاج القرآن نے امہات المومنین کے تعلیمی و تربیتی کردار کو اجاگر کر کے خواتین کو کامیاب زندگی گزارنے کا روڈ میپ دیا اور سوسائٹی کو اعتدال کی اسلامی اقدار پر استوار کرنے کے لئے قابل قدر خدمات انجام دیں۔

ان خیالات کااظہار منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 73ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ خصوصی سمپوزیم میں شریک مقررین نے کیا۔ سمپوزیم میں سمحیہ راحیل قاضی، جسٹس(ر) نذیر احمد غازی، سہیل وڑائچ، واصف ناگی، سید فہد کاظمی، ڈاکٹر حلیمہ سعدیہ،ڈاکٹر حمیرا مجید،ڈاکٹر طیبہ اسلم، سدرہ کرامت،رافعہ عروج ملک نے اظہار خیال کیا۔

ویمن لیگ کی نائب صدر سدرہ کرامت نے منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ویمن امپاورمنٹ کے ضمن میں انجام دی گئی خدمات پر روشنی ڈالی اور مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہا۔

سمحیہ راحیل قاضی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے مثبت، فعال اسلامی کردار سے پاکستان کو پرامن اور خوشحال بنایا جا سکتا ہے۔ درد مشترک اور قدرِ مشترک کی سوچ کے ساتھ سب کو اکٹھا ہونا چاہیے، منہاج القرآن ویمن لیگ کی تنظیم اور ان کے داعیانہ کردار دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔

معروف کالم نویس، دانشور سہیل وڑائچ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسلام ایک ماڈرن ضابطہ حیات ہے اور ڈاکٹر طاہرالقادری نے اسلام کا روشن خیال چہرہ پوری دنیا میں متعارف کروایا۔ میں جب منہاج القرآن میں خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ کام کرتے دیکھتا ہوں تو مجھے بے حد خوشی ہوتی ہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کا کردار خواتین کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے ہر اعتبار سے قابل ستائش ہے۔

واصف ناگی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مجھے سابق وزیراعظم شوکت عزیز نے ایک تقریب میں بتایا کہ میں ملائیشیا دورے پر تھا تو وہاں کی وزیر خزانہ سے پاکستان کی معیشت کو ٹھیک کرنے کے لئے تجویز مانگی تو انہوں نے میرے سامنے ڈاکٹر طاہرالقادری کی اقتصادیات پر لکھی جانے والی ایک کتاب رکھی اور کہا یہاں سے راہ نمائی لو ابھی تو یہ شخصیت زندہ ہے ان سے رابطہ کرو اور تجاویز لو۔ واصف ناگی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری پاکستان کاایک تعلیم یافتہ چہرہ ہے، میں ذاتی طور پر سمجھتا ہوں کہ اس شخصیت سے ان کی علمیت اور قابلیت کے مطابق کام نہیں لیا گیا۔

ڈاکٹر حلیمہ سعدیہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن اس دور میں خواتین کو تعلیم دینے کے حوالے سے رول ماڈل کردار ادا کررہا ہے۔

ڈاکٹر حمیرا مجید نے منہاج القرآن کے تعلیمی و تربیتی ماحول کی تعریف کی اور کہا کہ تعلیم یافتہ خواتین ہی ترقی کا زینہ ہیں۔

فہد کاظمی نے کہا کہ اسلام خواتین کے حقوق کا سب سے بڑا محافظ ہے۔

ڈاکٹر طیبہ سہیل نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر طاہرالقادری جیسی اہل علم شخصیات قوموں کی تقدیر بدل دیتی ہیں ہمیں ترقی یافتہ ملک بننے کیلئے خواتین کو تعلیم دینا ہو گی۔مکالمہ سے ترقی کے دروازے کھلتے ہیں۔ انہوں نے 73ویں سالگرہ پر شیخ الاسلام کی درازی عمر کے لئے دعا کی۔

سمپوزیم میں منہاج القرآن کے سینئر راہ نماؤں بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان، محمد فاروق رانا، جواد حامد، نوراللہ صدیقی، حافظ سعید رضا بغدادی، شہزاد رسول، عبدالحفیظ چودھری، حافظ عابد بشیر، خواتین راہ نماؤں ثناء وحید، انیلہ الیاس ڈوگر اور گرلز کالج کی فیکلیٹیز اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر شیخ الاسلام کی 73ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔

تبصرہ