شہر اعتکاف 2024: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا ویمن اعتکاف گاہ میں ’’ویمن امپاورمنٹ کا تصور‘‘ کے موضوع پر خطاب

Minhaj ul Quran Itikaf 2024

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے ویمن اعتکاف گاہ میں ’’ویمن امپاورمنٹ کا تصور‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تصور اَصلاً اللہ اور اس کے رسول ﷺ کا عطا کردہ ہے، مگر جس تصور کا پرچار اور تشہیر میڈیا اور سوشل میڈیا پر ہوتی ہے یا ویمن امپاورمنٹ کی جو تعریف ہم روز سنتے ہیں وہ ہرگز اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی عطا کردہ نہیں ہے؛ بلکہ مروجہ تعریف مغرب سے درآمد کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویمن امپاورمنٹ ایک ایسا مضمون ہے جو اللہ اور اس کے رسول ﷺ نے آج سے 1450 سال قبل اُس وقت عطا کیا جب یہ کسی کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا۔ اسلام نے نہ صرف یہ تصور دیا بلکہ اس پر عمل درآمد بھی کروایا۔ بدقسمتی سے ہماری بہنیں اور بیٹیاں آج یونیورسٹیز، کالجز اور معاشرے میں جس امپاورمنٹ کے تصور کو اپنا حق سمجھ بیٹھی ہیں، یہ انہیں اسلام سے دور کرنے اور عذابِ الٰہی کی طرف دھکیلنے کے مترادف ہے۔ ویمن امپاورمنٹ کا تصور درست ہے اگر اسلامی ہو؛ اور اگر مغرب سے لیا گیا ہو تو پھر ایسے تصور کو ہم نہیں مانتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مغرب کے تصور میں جو بنیادی حقوق، تعلیم، روزگار، فیصلوں میں آزادی، حقِ وراثت، قانونی حقوق، شادی بیاہ کے معاملات میں مرضی کے عمل دخل کی بات کی جاتی ہے وہ نہ صرف درست ہیں بلکہ اسلام کے عطا کردہ ہیں۔ لیکن اسلامی احکام و تعلیمات سے آزادی حاصل کرنے کو ویمن امپاورمنٹ کہنا قطعاً درست نہیں۔ آج اپنے نفس کی خواہشات کو پورا کرنے یعنی اللہ اور رسول ﷺ کے احکام کی بجا آوری سے روگردانی کا نام ویمن امپاورمنٹ رکھ دیا گیا ہے۔

صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ٹیم اور جملہ منتظمین کو ویمن اعتکاف کے شاندار انعقاد اور مثالی انتظامات پر مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت سب کا یہاں بیٹھنا قبول فرمائے اور حضور شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ کی تعلیمات و ارشادات سے فیض یاب ہونے اور آئندہ زندگی کے لیے اپنی قربت کا ذریعہ بنائے۔

Minhaj ul Quran Itikaf 2024

Minhaj ul Quran Itikaf 2024

Minhaj ul Quran Itikaf 2024

Minhaj ul Quran Itikaf 2024

Minhaj ul Quran Itikaf 2024

تبصرہ