تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں منہاج ویمن لیگ کے زیراہتمام جنوبی پنجاب کی ضلعی تنظیمات کیلئے "ٹریننگ آف ٹرینرز" پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس تربیتی نشست کا مقصد خواتین عہدیداران کو دعوت، تنظیم، تربیت، تحریک، مراکزِ علم کے قیام، مصطفوی معاشرے کے خواب اور سوشل میڈیا کے مؤثر استعمال سے متعلق آگاہی اور عملی تربیت فراہم کرنا تھا۔ پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظہ سحر عنبرین نے حاصل کی، جبکہ عالیہ پروین نے نعتِ رسول مقبول ﷺ پیش کی۔
تقریب سے نائب ناظم اعلیٰ تنظیمات تحریک منہاج القرآن محمد رفیق نجم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "دنیا میں جتنے بھی انقلابی کام ہوئے، ان کے پیچھے کسی نہ کسی باہمت خاتون کا کردار ہوتا ہے"۔ انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی و تحریکی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ وہ 21 برس کی عمر میں قرآن مجید کا مکمل مطالعہ کر چکے تھے اور گزشتہ 40 سال سے مصطفوی معاشرہ کے قیام کے لیے سرگرمِ عمل ہیں۔ ناظم تربیت علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے شرکاء کو مراکزِ علم کے دائرہ کار اور ذمہ داریوں سے آگاہ کیا، جبکہ ڈائریکٹر سوشل میڈیا عبدالستار منہاجین نے سوشل میڈیا کے مثبت استعمال اور ذمہ داریوں پر مفصل گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ آج کا دور سوشل میڈیا کا ہے جہاں ہر فرد رائے کا اظہار کر سکتا ہے، جو کبھی ممکن نہ تھا۔ انہوں نے "منہاج 365" ایپ کا تعارف بھی پیش کیا جس میں تحریک سے متعلق تمام ضروری مواد دستیاب ہے۔
ہیڈ کوآرڈینیشن کونسل منہاج ویمن لیگ لبنیٰ مشتاق نے تربیتی سیشن میں مراکزِ علم کے حوالے سے ورکنگ پلان اور ان کے اغراض و مقاصد بیان کیے اور شرکاء کو تاکید کی کہ وہ حاصل شدہ تربیت کو اپنے اپنے اضلاع میں منتقل کریں، ممبر کوآرڈینیشن کونسل صائمہ نور نے تحریک کے نظریات، مقاصد، تجدیدِ دین اور نیکی کی دعوت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن دنیا بھر میں اسلام کا آفاقی پیغام عام کر رہی ہے اور اس کا پورا نظریہ قرآن و سنت سے ماخوذ ہے۔
تقریب میں تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظمین اعلیٰ محمد رفیق نجم، بریگیڈیئر (ر) عمر حیات، غلام مرتضیٰ فریدی سمیت منہاج ویمن لیگ کی مرکزی عہدیداران لبنیٰ مشتاق، صائمہ نور، حرا دلبراعوان، حافظہ سحر عنبرین، رابعہ شفق، عائشہ بتول، اقراء مبین اور جنوبی پنجاب کی ضلعی تنظیمات کی ذمہ دار خواتین نے بھرپور شرکت کی۔
تبصرہ