منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیرِ اہتمام "سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کانفرنس" کا انعقاد، جامعہ اُمّ الکتاب کی پرنسپل خانم طیبہ نقوی نے "سیدہ زینب سلام اللہ علیہا بطور بیٹی اور وفاشعاری کی عظیم مثال" کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں نے منہاج القرآن ویمن لیگ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس خوبصورت بزم میں گفتگو کا موقع دینا ان کے لیے باعثِ سعادت ہے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے سیدہ زینبؑ کی صبر و استقامت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپ وہ عظیم ہستی ہیں جن کی ولادت پر آپ کے والد حضرت علیؑ نے آپ کا نام "زینب" رکھا جو ان کے لیے زینت ثابت ہوا۔ بچپن ہی میں نانا اور والدہ کی جدائی کا صدمہ سہنا پڑا، لیکن ہر مرحلے پر استقامت، حلم اور شجاعت کا پیکر بن کر سامنے آئیں۔
انہوں نے کہا کہ سیدہ زینبؑ نے واقعہ کربلا میں جس جرات، حکمت اور وقار کا مظاہرہ کیا، وہ تاریخِ انسانیت میں بے مثال ہے۔ یزید کے دربار تک آپ کا کردار کسی بھی مقام پر کمزوری یا مایوسی کا اظہار نہیں کرتا۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ اگر سیدہ زینبؑ نے کربلا کے بعد اس پیغام کو عام نہ کیا ہوتا تو آج اہلِ بیتؑ کا نام دنیا میں اتنے اثر و رسوخ سے نہ لیا جاتا۔ آج کی خواتین کو چاہیے کہ وہ اسوہ زینبؑ کو اپنا کر معاشرے میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنیں۔
تبصرہ