منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظمِ اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور نے "سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کانفرنس" میں شرکت کرنے والے معزز مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کیا اور کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر منہاج القرآن ویمن لیگ کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے "اسلام میں شہادت کے تصور" پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضرت زینب سلام اللہ علیہا کا کردار آج کی ہر بیٹی اور ہر بہن کے لیے ایک مثالی نمونہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعۂ کربلا نے پوری انسانیت کو یہ پیغام دیا کہ ظلم کے خلاف ڈٹ کر کھڑا ہونا ہی اصل قربانی ہے اور دین کی سربلندی کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنا شہادت کا وہ عظیم رتبہ ہے جو انسان کو معراج عطا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرآنِ مجید میں بارہا شہادت کا ذکر کیا گیا ہے، جو اس کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ حضرت زینب سلام اللہ علیہا نے کربلا کے میدان میں نہ صرف صبر و استقامت کی اعلیٰ مثال قائم کی بلکہ ظلم کے خلاف قیام کا عملی درس دیا۔
خرم نواز گنڈا پور نے مزید کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے خطبہ حجۃ الوداع میں فرمایا: "میں تمہارے درمیان دو چیزیں چھوڑے جا رہا ہوں: اللہ کی کتاب اور میری اہلِ بیت۔" ان دونوں سے وابستگی ہی امت کی نجات کا ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کا مشن ہی پیغامِ مصطفیٰﷺ اور محبتِ اہلِ بیت علیہم السلام کو دنیا بھر میں عام کرنا ہے اور ایسی کانفرنسز اسی مقصد کا عملی اظہار ہیں۔
تبصرہ