منہاج القرآن ویمن لیگ کے ذیلی شعبہ عرفان الہدایہ کی جانب سے ربیع الاول پلان پر خصوصی بریفنگ کا انعقاد کیا گیا۔ اس بریفنگ کا مرکزی موضوع دروسِ سیرت اور عملی زندگی کا احیاء تھا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر عرفان الہدایہ ڈیپارٹمنٹ، محترمہ عائشہ بتول نے سیرت النبی ﷺ کے عملی پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے خواتین کو اسوۂ رسول ﷺ کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنانے پر زور دیا۔
اس بریفنگ میں ربیع الاول پلان کے مختلف مقاصد بھی واضح کیے گئے۔ جن میں تاجدارِ کائنات ﷺ کے 1500 سالہ یومِ ولادت کی تیاری اور شعور کی بیداری، سیرت النبی ﷺ کے انقلابی پیغام کو گھروں اور معاشرے میں عام کرنا، عشقِ رسول ﷺ کو مضبوط بنیادوں پر پروان چڑھانا، اور خواتین کو دروسِ سیرت کے ذریعے عملی زندگی میں نبی کریم ﷺ کی سیرت اپنانے کی ترغیب دینا شامل ہیں۔
مزید یہ کہ مصطفوی مشن کے فروغ کے لیے خواتین کو شعوری سطح پر تیار کرنا اور امت مسلمہ کو باہمی اتحاد، محبت اور اخوت کے رشتوں میں جوڑنا اس بریفنگ کے بنیادی مقاصد میں شامل رہا۔ اس موقع پر شرکاء نے عزم کیا کہ وہ اپنے اپنے حلقہ ہائے عمل میں سیرت النبی ﷺ کے پیغام کو عام کریں گی۔
تبصرہ