منہاج القرآن ویمن لیگ لاڑکانہ کے زیر اہتمام پرل گارڈن میرج ہال میں عظیم الشان سالانہ میلاد النبی ﷺ کانفرنس منعقد ہوئی۔ اس بابرکت محفل کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا جس کی سعادت کراچی سے آئی ہوئی نعت خواں محترمہ اسماء حسن صاحبہ نے حاصل کی۔ بعد ازاں لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والی نعت خوان حضرات محترمہ افشاں شیخ اور محترمہ روزینہ جتوئی نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔
اس پرنور کانفرنس میں اسلامک اسکالر محترمہ انیلہ فاتحہ صاحبہ نے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے سرکارِ دو عالم ﷺ کے 1500ویں جشنِ ولادت کی عظمت اور آقائے دو جہاں ﷺ کے اخلاقِ حسنہ پر نہایت پُراثر اور سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حضور ﷺ کی پوری حیاتِ طیبہ انسانیت کے لیے بہترین نمونہ ہے، جس میں رحمت، محبت، رواداری، عدل و انصاف اور حسنِ اخلاق کے وہ اصول ہیں جو آج کے دور کے مسائل کا حقیقی حل پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے سامعین کو اس بات کی طرف متوجہ کیا کہ آقائے کریم ﷺ کی سیرت کو اپنی عملی زندگی میں اپنانا ہی حقیقی محبتِ رسول ﷺ کا تقاضا ہے۔
کانفرنس کے اختتام پر محترمہ فاطمہ ابڑو صاحبہ (صدر منہاج القرآن ویمن لیگ لاڑکانہ) نے تحریکِ منہاج القرآن کا مقصد اور پیغام پیش کرتے ہوئے بتایا کہ یہ تحریک دنیا بھر میں حضور ﷺ کے دینِ رحمت کو علم و عرفان کے ساتھ عام کر رہی ہے۔ انہوں نے حاضرین کو مرکزِ علم کے مختلف تربیتی و فکری پروگرامز سے بھی آگاہ کیا۔
تبصرہ