محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کے بعد بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے گئے۔ نعت کونسل علی پور چٹھہ، منہاج ماڈل سکول احمد نگر کے طلبہ و طالبات اور معروف نعت خواں قاریہ سدرہ انور نے اپنی خوبصورت آواز سے محفل کو معطر کیا۔ استقبالیہ کلمات صدر ویمن لیگ علی پور چٹھہ شکیلہ ارم نے پیش کیے۔
کانفرنس کا نمایاں حصہ محترمہ عائشہ شبیر (ڈائریکٹر منہاجینز) کا تفصیلی خطاب تھا جس کا عنوان "شانِ رحمت للعالمین اور آپ کا مبارک اخلاق" تھا۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی حیاتِ طیبہ ہمارے لیے کامل نمونہ ہے۔ آپ ﷺ کا اعلیٰ اخلاق اور صبر و درگزر ہمیں سکھاتا ہے کہ مخالفین کی سختیوں کے باوجود شفقت، حلم اور رحمت کے رویے اپنائے جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمیں اپنی زندگیوں میں سیرتِ مصطفیٰ ﷺ کو عملی طور پر اپنانا ہوگا، تاکہ انفرادی و اجتماعی زندگی میں سکون، عدل اور محبت قائم ہو سکے۔
اختتامی کلمات میں مسز رخسانہ امتیاز (سرپرست ویمن لیگ علی پور چٹھہ) نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ اس کانفرنس میں ضلع وزیرآباد کی مختلف یوسیز سے خواتین نے بھرپور شرکت کی۔
تبصرہ