منہاج القرآن ویمن لیگ کنجاہ کے زیراہتمام اخلاقِ مصطفیٰ ﷺ میلاد کانفرنس منعقد ہوئی جس میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ محفل کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت خوانی سے ہوا، جس نے سامعین کے دلوں کو نور اور سکون سے منور کر دیا۔ ایگرز کنجاہ اور منہاج نعت کونسل نے محفل کے روحانی ماحول کو مزید جاذبِ نظر بنا دیا۔
کانفرنس میں محترمہ حافظہ سحر عنبرین نے موضوع اخلاقِ مصطفیٰ ﷺ پر نہایت مدلل اور مؤثر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ دراصل انسانیت کے لیے کامل ترین رہنمائی ہے۔ آپ ﷺ کا اخلاق، صبر، رحمت اور شفقت ایک ایسا معیار ہے جس کو اپنائے بغیر دنیا و آخرت میں کامیابی ممکن نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمیں اپنی گھریلو زندگی، معاشرتی تعلقات اور اجتماعی کردار کو حضور ﷺ کی سنت کے مطابق ڈھالنا ہوگا تاکہ معاشرہ حقیقی معنوں میں امن و سکون کا گہوارہ بن سکے۔
محفل کے اختتام اجتماعی درود و سلام اور دعا پر کیا گیا۔ اس موقع پر متعدد خواتین نے منہاج القرآن میں لائف ٹائم رفاقت بھی اختیار کی اور کئی نے موقع پر ہی رفاقت کے لیے اپنے نام درج کروائے۔ یہ عظیم الشان محفل عشقِ رسول ﷺ اور خصوصاً اخلاقِ مصطفیٰ ﷺ کو عملی زندگی میں اپنانے کی ترغیب کا حسین ذریعہ ثابت ہوا۔
تبصرہ