علم انسانیت کی خدمت کا ذریعہ ہے: پروفیسر ڈاکٹر حسن قادری

ادب سے خالی علم صرف بوجھ ہے: چیئرمین سپریم کونسل
منہاج کالج برائے خواتین لاہور میں سالانہ تقسیمِ انعامات کی تقریب سے خطاب
پوزیشن ہولڈر طالبات اور شاندار کارکردگی دکھانے والے فیکلٹی و اسٹاف کو شیلڈز سے نوازا گیا

Minhaj-College for Women Lahore Annual Awards Ceremony 2025

لاہور (14 نومبر2025) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج گرلز کالج میں سالانہ تقریبِ تقسیمِ انعامات سے علم کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ علم صرف روزگار نہیں، انسانیت کی خدمت کا ذریعہ بھی ہے۔ ادب کے بغیر علم فقط بوجھ ہے۔ والدین کا بیٹیوں کے لئے سب سے خوبصورت تحفہ انہیں تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے۔ تعلیم کا مقصد صرف ڈگری حاصل کرنا نہیں بلکہ ایک بہترین اور سوسائٹی کے لئے مفید انسان بنانا ہے۔ ادب اور تقویٰ علم کے حصول میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں۔ بیٹیاں اپنی تمام تر توجہ حصول علم پر مرکوز رکھیں تعلیم یافتہ اور باکردار خاتون اپنے گھر اور پوری سوسائٹی کے لئے خیر کا باعث ہوتی ہے۔ سالانہ تقریبِ تقسیمِ انعامات میں پوزیشن ہولڈر طالبات، نمایاں کارکردگی دکھانے والی فیکلٹیز اور اسٹاف ممبران کو شیلڈز اور سرٹیفیکیٹس سے نوازا گیا۔ تقریب میں طالبات، اساتذہ، مہمانانِ گرامی اور انتظامیہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ڈاکٹر غزالہ حسن قادری، فضہ حسین قادری اور پرنسپل آفتاب احمد خان نے انٹرمیڈیٹ، الشہادہ العالیہ اور الشہادہ العالمیہ کے مختلف سیشنز میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کیں۔ اس کے علاوہ بہتر کارکردگی دکھانے والے فیکلٹی اور اسٹاف ممبران کو بھی تعریفی شیلڈز سے نوازا گیا۔

تقریب میں نائب ناظم اعلیٰ تنظیمات ڈاکٹر رفیق نجم، ڈائریکٹر کالجز ونگ کمانڈر (ر)محمد غفار، بابر چوہدری، الطاف رندھاوا، ثنااللہ خان، ڈاکٹر حمیرا ناز اور دیگر فیکلٹی و اسٹاف ممبران و طالبات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تبصرہ