
منہاج القرآن ویمن لیگ کے تین روزہ ’’التربیۃ 2025 کیمپ‘‘ کے پہلے روز چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل کا خطاب، صدر منہاج القرآن ویمن لیگ انٹرنیشنل سمیت مرکزی ذمہ داران، زونل صدور، ناظمات، معلّمات اور اضلاع کی نمائندگان کی شرکت
منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام منعقدہ تربیتی کیمپ ’’التربیۃ 2025‘‘ کے پہلے روز چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مصطفوی مشن کی بیٹیاں اور دین کی خدمت کرنے والی بہنیں آج کے اجتماع میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک ایک ایسا قافلہ تیار کر رہی ہے جو آہستہ آہستہ مصطفوی معاشرے کی تشکیل کی جانب رواں دواں ہے۔ موجودہ دور میں جب بے راہ روی، مایوسی اور اخلاقی بگاڑ عام ہے اور معاشرتی قدریں زوال پذیر ہیں، ایسے میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قائم کردہ تحریک منہاج القرآن پوری امت کے لئے امید کی کرن بن کر ابھری ہے جو معاشرے میں تجدیدِ دین اور احیائے اسلام کی مثالیں قائم کر رہی ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ منہاج القرآن ایک ہمہ جہت تجدیدی تحریک ہے جس کا زادِ راہ علم، فلاح اور دعوت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں ادارے بند ہو رہے ہیں مگر تحریک کے تعلیمی ادارے اندرون و بیرون ملک قائم ہو رہے ہیں۔ پاکستان میں خیبرپختونخواہ میں منہاج یونیورسٹی کا قیام بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 45 جلدوں پر مشتمل ’’تفسیر القادریہ‘‘ اور 60 جلدوں پر مشتمل حدیث کا عظیم مجموعہ ’’الموسوعۃ القادریہ‘‘ جلد منظر عام پر آنے والا ہے جو علمی دنیا میں ایک اہم اضافہ ہوگا۔
دعوتِ دین کے اصول بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے دعوت کا معیار خود مقرر فرمایا ہے اور جو حضور نبی اکرم ﷺ کی پیروی کرتا ہے، اس کا راستہ دعوت الی اللہ ہے۔ دعوت کے لیے رسمی سرٹیفکیٹ کی نہیں بلکہ سنتِ نبوی ﷺ کی اتباع کی ضرورت ہے۔ انہوں نے حضرت علیؓ کا قول بیان کرتے ہوئے کہا کہ اپنے اہل کو فقہِ دین، شعور، حسنِ اخلاق اور گفتگو کے آداب سکھاؤ۔ داعی کے لیے ضروری ہے کہ اس کی گفتار پاکیزہ، کردار صالح اور دل اللہ سے جڑا ہوا ہو۔ سیرتِ نبوی ﷺ کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ نے فتح مکہ کے موقع پر دشمنوں کو معاف کرکے رحمت کا اعلیٰ ترین نمونہ پیش فرمایا، اور داعی کا کردار ایسا ہونا چاہیے کہ وہ دلوں کی کدورتیں دور کر دے۔
انہوں نے کہا کہ آج دعوت کا سب سے مؤثر ذریعہ سوشل میڈیا ہے جو بغیر کسی بڑی لاگت کے دنیا بھر میں پیغام پہنچا سکتا ہے۔ شرکاء کو ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کو مضبوط تنظیمی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جائے اور مصطفوی مشن کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کیا جائے۔ انہوں نے 25 ہزار مراکزِ علم کے ہدف کے لیے ہر گھر کو مرکزِ علم بنانے کی ترغیب دی۔
چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل کے خطاب کے موقع پر منہاج القرآن ویمن لیگ انٹرنیشنل کی صدر ڈاکٹر غزالہ قادری، منہاج القرآن ویمن لیگ پاکستان کی مرکزی ذمہ داران، زونل صدور، ناظمات، معلمات اور ملک بھر سے مختلف زونز، ڈویژنز اور اضلاع کی نمائندگان موجود تھیں۔
























تبصرہ