
منہاج القرآن ویمن لیگ واہ کینٹ نارتھ راولپنڈی کے زیرِ اہتمام دوسرا سالانہ قرآن سیمنار کا انعقاد کیا گیا۔ اس روح پرور تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر سکالرز عرفان الہدایہ محترمہ جویریہ افضل، ڈپٹی ڈائریکٹر عرفان الہدایہ محترمہ عائشہ بتول اور سرپرست پروفیسر امجد خان قادری صاحب نے خصوصی شرکت کی۔
سیمنار کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جبکہ بارگاہِ رسالت ﷺ میں درود و سلام کے نذرانے پیش کیے گئے۔ اس موقع پر منہاج القرآن ویمن لیگ واہ کینٹ کی تمام تنظیمی ذمہ داران نے بھرپور شرکت کی۔ مینجنگ ڈائریکٹر قرآن اسکالر محترمہ مدیحہ ساجد صاحبہ (صدر منہاج القرآن ویمن لیگ واہ کینٹ) کی مسلسل محنت اور انتھک کاوشوں کے نتیجے میں الحمدللہ 150 طالبات نے قرآنِ پاک ترجمہ کے ساتھ مکمل کرنے کی سعادت حاصل کی۔
جویریہ افضل صاحبہ نے اپنے خصوصی خطاب میں تعلق باللہ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے قرآنِ پاک سے ٹوٹے ہوئے تعلق کو بحال کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور تمام طالبات کو اس عظیم کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ سرپرست پروفیسر امجد خان قادری صاحب نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے محترمہ مدیحہ ساجد صاحبہ کی خدمات کو سراہا اور طالبات کو مبارکباد دی۔
تقریب کے اختتام پر تمام طالبات کی چادر پوشی کی گئی اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ محترمہ مدیحہ ساجد صاحبہ نے طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے دعا کی۔ آخر میں اجتماعی دعا کے ساتھ سیمنار اختتام پذیر ہوا۔ اللہ رب العزت ان تمام کاوشوں کو اپنی بارگاہِ الٰہی میں شرفِ قبولیت عطا فرمائے، آمین۔










تبصرہ