منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیرِاہتمام دوسرا سالانہ قرآن سیمینار

قرآن حکیم فکری و عملی رہنمائی کا سر چشمہ ہے۔ جویریہ افضل
150 طالبات کی ترجمۂ قرآن کے ساتھ تکمیل، اسناد اور چادر پوشی

minhaj-quran women league wah cantt quran seminar

لاہور (28 دسمبر 2025) منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیرِاہتمام دوسرا سالانہ قرآن سیمینار نہایت روحانی، علمی اور تربیتی ماحول میں منعقد ہوا۔ سیمینار میں طالبات، اساتذہ اور تنظیمی ذمہ داران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار میں ڈپٹی ڈائریکٹر اسکالرز عرفانُ الہدایہ جویریہ افضل، ڈپٹی ڈائریکٹر عرفانُ الہدایہ عائشہ بتول اور سرپرست پروفیسر امجد خان قادری نے خصوصی شرکت کی، جبکہ منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی و مقامی تنظیمی ذمہ داران بھی موجود تھیں۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں درود و سلام کے نذرانے پیش کیے گئے۔ اپنے خصوصی خطاب میں ڈپٹی ڈائریکٹر اسکالرز عرفانُ الہدایہ جویریہ افضل نے کہا کہ قرآنِ مجید اللہ تعالیٰ کا عظیم کلام ہے جو انسان کو گمراہی کے اندھیروں سے نکال کر ہدایت کے نور کی طرف رہنمائی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے آج قرآن سے ہمارا تعلق محض رسمی ہو چکا ہے، جبکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ قرآن کو سمجھ کر پڑھا جائے اور اس کی تعلیمات کو عملی زندگی کا حصہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن دلوں کو سکون، کردار کو پاکیزگی اور زندگی کو واضح مقصد عطا کرتا ہے۔ انہوں نے سیمینار میں 150 طالبات کی ترجمۂ قرآن کے ساتھ تکمیل کو ایک عظیم کامیابی قرار دیتے ہوئے طالبات، اساتذہ اور انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سرپرست پروفیسر امجد خان قادری نے کہا کہ قرآنِ مجید صرف عبادات تک محدود نہیں بلکہ ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے جو انسان کی انفرادی اور اجتماعی زندگی کی رہنمائی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کی تعلیمات کو عام کیے بغیر اخلاقی زوال اور فکری انتشار کا خاتمہ ممکن نہیں۔

تقریب کے اختتام پر ترجمۂ قرآن مکمل کرنے والی تمام طالبات کی باوقار چادر پوشی کی گئی اور انہیں اسناد سے نوازا گیا۔ صدر منہاج القرآن ویمن لیگ واہ کینٹ مدیحہ ساجد نے طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل اور دینی و علمی ترقی کے لیے خصوصی دعا کی۔ دوسرا سالانہ قرآن سیمینار واہ کینٹ نارتھ راولپنڈی میں منعقد کیا گیا۔

تبصرہ