تعلیم، تربیت اور خواتین کی فکری و اخلاقی تشکیل میں ویمن لیگ کا تاریخی کردار ہے
خواتین کو باوقار، باشعور اور معاشرتی تبدیلی کا مؤثر کردار بنانے کی جدوجہد جاری ہے

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے بانی و سرپرستِ اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فکر و نظریے کے تحت قائم ہونے والی منہاج القرآن ویمن لیگ کا 38 واں یومِ تاسیس آج 5 جنوری (سوموار) کو ملک بھر میں نہایت عقیدت، جوش و جذبے اور عزمِ نو کے ساتھ منایا جائے گا۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کا قیام خواتین کو دینی، اخلاقی، فکری اور تعلیمی میدان میں منظم، باخبر اور فعال کردار ادا کرنے کے قابل بنانے کے لیے عمل میں لایا گیا۔ گزشتہ 38 برسوں کے دوران ویمن لیگ نے خواتین کی دینی تربیت، عصری تعلیم، اخلاقی اقدار کے فروغ، خاندانی نظام کے استحکام اور معاشرتی اصلاح کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ ویمن لیگ نے خواتین کو مثبت سماجی تبدیلی، فکری رہنمائی اور خدمتِ خلق کے میدان میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔
منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیرِاہتمام دینی اجتماعات، تربیتی ورکشاپس، قرآن سیمینارز، سیرت النبی ﷺ کانفرنسز، تعلیمی لیکچرز اور فلاحی سرگرمیوں کا انعقاد باقاعدگی سے کیا جاتا رہا ہے۔ یومِ تاسیس کے موقع پر ملک بھر میں ویمن لیگ کے زیرِ اہتمام دعائیہ تقریبات، فکری نشستیں، سیرتِ طیبہ ﷺ اور خواتین کے کردار پر خصوصی خطابات منعقد کیے جائیں گے، جن میں تحریک منہاج القرآن کی مرکزی و مقامی قیادت خواتین کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے پیغامِ امن، علم اور اعتدال سے روشناس کرائے گی۔
منہاج ا لقرآن ویمن لیگ کی قیادت نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسلام نے خواتین کو عزت، وقار اور حقوق عطا کیے اور منہاج القرآن ویمن لیگ اسی اسلامی تصورِ حیات کے مطابق خواتین کی ہمہ جہت تربیت کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط، بااخلاق اور پُرامن معاشرے کی تشکیل میں خواتین کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

تبصرہ