
منہاج القرآن ویمن لیگ کے 38ویں یومِ تاسیس کے موقع پر ایک پروقار اور بامقصد تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کراچی بھر سے منہاج القرآن ویمن لیگ (ایسٹ و ویسٹ ڈویژن) کی ذمہ داران، کارکنان اور وابستگان خواتین نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا مقصد ذمہ داران کی جانب سے مشن کے ساتھ عہدِ تجدید اور گزشتہ دہائیوں کی کامیابیوں پر اظہارِ تشکر کرنا تھا۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ الٰہی اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا، جس سے محفل میں روحانی فضا قائم ہو گئی۔ محترمہ نصرہ شاہد (ناظمہ، منہاج القرآن ویمن لیگ کراچی ویسٹ ڈویژن) نے نہایت خوش اسلوبی سے نظامت کے فرائض انجام دیے اور تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔
کوئز سیشن میں محترمہ عارفہ گل (ناظمہ دعوت کراچی ایسٹ) اور محترمہ صبا عاطف (ہیڈ سوشل میڈیا کراچی زون) نے تنظیمی و تحریکی سوالات کیے، جن کے درست جوابات دینے والی بہنوں کو تحائف دیے گئے۔
تقریب کا اہم حصہ فکری و نظریاتی گفتگو پر مشتمل تھا۔ محترمہ نصرت رعنا ڈار (زونل نگراں کراچی) نے تحریک کے نظریات پر مدلل خطاب کیا اور اس امر کی وضاحت کی کہ ایک کارکن کا اپنی تحریک، اپنے منصب اور اپنے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے ساتھ تعلق کی نوعیت کیا ہونی چاہیے۔ محترمہ ثنا نوید (نائب صدر کراچی ویسٹ ڈویژن) نے ذمہ داران سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔
محترمہ صائمہ یحیٰی خان (صدر، منہاج القرآن ویمن لیگ کراچی ویسٹ ڈویژن) نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نعت کا نذرانہ پیش کیا، جبکہ محترمہ عاصمہ بتول نے صلوٰۃ و سلام کی سعادت حاصل کی۔ بعد ازاں محترمہ ثنا نوید نے امتِ مسلمہ اور تحریک کی کامیابی کے لیے دعا کروائی۔ تقریب کے اختتام پر منہاج القرآن ویمن لیگ کے 38ویں یومِ تاسیس کی خوشی میں کیک کاٹا گیا۔




تبصرہ