
عرفان الہدایہ ڈیپارٹمنٹ کے زیرِاہتمام مرکزی دورۂ قرآنِ مجید کے تیسرے سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے خواتین و طالبات نے آن لائن اور فزیکل بھرپور شرکت کی۔ شرکاء کا جذبہ اور شوق اس بات کا عکاس تھا کہ قرآن فہمی کی طلب دلوں میں تازہ ہو رہی ہے۔
تیسرے سیشن میں ڈپٹی ڈائریکٹر اسکالرز محترمہ جویریہ افضل نے سورۂ آلِ عمران کے اہم مضامین اور تفسیری نکات کو نہایت مدلل، جامع اور مؤثر انداز میں بیان کیا۔ آپ نے سورۂ آلِ عمران کے مرکزی موضوعات جیسے عقیدۂ توحید کی مضبوطی، صبر و استقامت کی اہمیت، غزوۂ اُحد کے واقعات سے حاصل ہونے والے عملی اسباق، اہلِ ایمان کی نمایاں صفات اور اللہ تعالیٰ پر کامل توکل کے تقاضوں کو واضح کیا۔
دورۂ قرآن کرواتے ہوئے انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ قرآنِ مجید صرف تلاوت اور برکت کے لیے نہیں بلکہ زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی فراہم کرنے والا مکمل ضابطۂ حیات ہے، جسے سمجھ کر اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
سیشن کا اختتام اجتماعی دعا کے ساتھ ہوا کہ اللّٰہ تعالیٰ ہمیں قرآنِ مجید کو صحیح معنوں میں سمجھنے، اس پر عمل پیرا ہونے اور اسے اپنی زندگیوں کا محور و مرکز بنانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔





تبصرہ