صدر منہاج القرآن ویمن لیگ انٹرنیشنل ڈاکٹر غزالہ قادری کی بطور مہمانِ خصوصی شرکت

لاہور: چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج کالج برائے خواتین کے زیراہتمام الشہادہ العالمیہ کی تکمیل پر منعقدہ تقریبِ ردائے فضیلت کے اختتامی فکری سیشن میں خصوصی شرکت کی۔ اس تقریب کا منفرد پہلو یہ تھا کہ ردائے فضیلت حاصل کرنے والے سیشنز کے ساتھ ساتھ کالج کے قیام 1994 سے لیکر 2026 تک کے سیشنز کی فاضلات کی بھرپور تعداد ایک جگہ جمع تے تھی اس موقع پر محترم چئیرمن سپریم کونسل نے پرنسپل محترم آفتاب خان قادری اور انکی پوری ٹیم خصوصا بزم منہاج اور ذیلی شعبہ جات کو تمام فاضلات کو کالج میں پہلی مرتبہ اکھٹے کرنے پر مبارکباد دی اور منہاجینز سسٹرز ڈیپارٹمنٹ کو بھرپور معاونت پر سراہا۔
پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ ربّ العزّت نے امّتِ محمّدیہ کو حضور نبی اکرم ﷺ کی نسبت، تعلیمات اور برکات کے طفیل " خیرِ امّت " کا عظیم اعزاز عطا فرمایا ہے۔ تاہم اس اعزاز کے ساتھ کچھ ذمہ داریاں بھی وابستہ ہیں جنہیں پورا کیے بغیر اس مقام کے تقاضے پورے نہیں ہو سکتے۔ جو شخص حضور نبی اکرم ﷺ کی سیرت و کردار میں ڈھل جائے، وہی حقیقی معنیٰ میں خیرِ امّت کا فرد بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیرِ امّت کا تشخص اس کے اخلاق و کردار، معاملات اور طرزِ زندگی سے ظاہر ہونا چاہیے۔ ہمارے ظاہری و باطنی احوال، انفرادی و اجتماعی رویے اور دینی و دنیاوی معاملات سیرتِ مصطفیٰ ﷺ کے رنگ میں رنگے ہوں تو ہی ہم اپنی زندگیوں کو سنوار سکتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کے ہاں انعام و اکرام کے مستحق بن سکتے ہیں۔
چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمّد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ کی خواہش ہے کہ ہماری بیٹیاں علم و شعور اور بامقصد کردار کے زیور سے آراستہ ہوں تاکہ وہ عصرِ حاضر کے فکری، اخلاقی اور تہذیبی چیلنجز کا مؤثّر انداز میں مقابلہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ نے ویمن ایمپاورمنٹ کی بنیاد تعلیم و تربیت اور کردار سازی پر رکھی ہے، کیونکہ تعلیم یافتہ اور تربیت یافتہ خواتین ہی مصطفوی معاشرے کی تشکیل میں مؤثّر کردار ادا کر سکتی ہیں اور خیرِ امّت کی عملی تصویر بن سکتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ منہاج القرآن تعلیم و تربیت اور دعوت کے ذریعے نبوی فیض کو عام کرنے اور ایک باکردار، باشعور اور خدمتِ خلق کے جذبے سے سرشار نسل کی تیاری کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔
قبل ازیں پرنسپل منہاج کالج فار ویمن آفتاب احمد خان نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے معزّز مہمانانِ گرامی، اساتذہ، فاضلات طالبات کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے " تقریبِ ردائے فضیلت " کے مقاصد اور اہمیّت پر روشنی ڈالتے ہوئے کالج کے تعلیمی، تربیتی اور کردار سازی کے مختلف پروگرامز کا تعارف پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج کالج فار ویمن طالبات کو جدید علوم کے ساتھ اخلاقی، فکری اور عملی تربیت فراہم کر رہا ہے تاکہ وہ معاشرے میں مثبت، مؤثر اور قائدانہ کردار ادا کر سکیں۔
اس تقریب میں صدر منہاج القرآن ویمن لیگ ڈاکٹر غزالہ قادری نے مختلف سیشنز کی فاضلات کو رادئے فضیلت کے اعزاز سے نوازا اس موقع پر فاضلات نے تحریک منہاج القرآن ،منہاج کالج برائے خواتین سے اپنی وابستگی کو خوبصورت الفاظ میں بیان کیا۔
تقریب میں راہنماء منہاج القرآن انٹرنیشنل یوکے حاجی عبدالغفور، سابقہ پرنسپل صاحبان احمد نواز انجم، پروفیسر محمد رفیق سیال، نائب ناظم اعلیٰ تنظیمات انجینئر محمد رفیق نجم، نائب ناظم اعلیٰ میڈیا افیئرز نور اللہ صدیقی، کرنل (ر) خالد جاوید، شاہد لطیف قادری، سکوارڈن لیڈر (ر) عبدالغفار، پروفیسر ڈاکٹر نور الزمان نوری، قاضی فیض الاسلام، ناصر ایڈووکیٹ، الطاف رندھاوا، ڈاکٹر شاہدہ مغل نعمانی، ڈاکٹر حمیرا ناز، لُبنیٰ مشتاق، عائشہ شبیر دیو، راضیہ نوید، حافظہ سحر عنبرین، اُم حبیبہ اسمٰعیل، ڈاکٹر یاسمین ظفر، ڈاکٹر جویریہ حسن، ڈاکٹر شازیہ بٹ، شمع قادر، عارفہ طارق، رُبینہ، ریحانہ طارق، سمیت اساتذہ اور فاضلات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

















تبصرہ