نئے آبی ذخائر کی تعمیر ملکی بقاء کے لئے ضروری ہے : بلال مصطفوی

ہمسایہ ملک کی طرف سے چناب کے پانی کی بندش غاصبانہ عمل ہے : چودھری ظہیر عباس گجر
ہنگامی بنیادوں پر چھوٹے اور بڑے ڈیم کی تعمیر شروع کی جائے : منہاج القرآن یوتھ لیگ

منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیر اہتمام پاکستان کی آبی ضروریات کے حوالے سے دریائے راوی میں منفرد نوعیت کا پرامن مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں سینکڑوں نوجوانوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہمسایہ ملک کی جانب سے دریائے چناب کے پانی کی غاصبانہ بندش کی وجہ سے ملک کی زراعت، آبی و جنگلی حیات اور ہائیڈرل انرجی کے میدان میں پہنچنے والے نقصان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پانی کی بندش کو غیر قانونی اور غاصبانہ قرار دیا۔ جبکہ دوسری طرف نوجوانوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ ملکی بقاء کے لیے ہنگامی بنیادوں پر نئے ڈیم تعمیرکرے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یوتھ لیگ کے صدر بلال مصطفوی نے کہا کہ گزشتہ تین ماہ سے ہمسایہ ملک کی طرف سے دریائے چناب کے پانی کی کلی طور پر بندش کی وجہ سے زراعت کے لیے اہم کردارادا کرنے والے دریا، دریائے چناب کے کنارے کھڑی ایک کروڑ چالیس لاکھ ایکڑ فصلیں تباہ ہو گئی ہیں، جس سے وطن عزیز کو کم و بیش اسی ارب روپے کا نقصان ہوا ہے۔ جبکہ دوسری طرف جنگلی حیات کے پینے کے لیے پانی دستیاب نہیں ہے اور اسی طرح آبی حیات بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم گورنمنٹ آف انڈیا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ عالمی قوانین کا احترام کرتے ہوئے ہماری فصلوں، جنگلی و آبی حیات اور پاکستان کے عوام کا جو پانی پر حق ہے اسے غصب نہ کرے اور دریائے چناب کا پانی چھوڑ دے۔ انہوں نے کہا کہ دوسری طرف ہم گورنمنٹ آف پاکستان سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ملک کی بقاء کے لیے ہنگامی بنیادوں پر چھوٹے اور بڑے ڈیم تعمیر کرے اور تمام صوبائی قیادتیں ڈیموں کی تعمیر کے سلسلے میں اتفاق رائے پیدا کریں ورنہ وقت ہاتھ سے تیزی کے ساتھ نکلا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی قائدین اپنی اس اہم ترین ضرورت کا خیال کرتے ہوئے ڈیموں کی تعمیر کے لیے مثبت کردار ادا کریں کیونکہ آبی ذخائر کی جلد از جلد تعمیر کے بغیر ہماری زراعت اور انڈسٹری دونوں کو نقصان سے نہیں بچایا جا سکتا۔ اس موقع پر یوتھ لیگ کے سیکرٹری جنرل چودھری ظہیر عباس گجر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمسایہ ملک کی طرف سے پانی کی بندش نے انسانی تاریخ کا بدترین واقعہ، کربلا کی یاد تازہ کر دی ہے۔ اس موقع پر نائب صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ اشتیاق حنیف مغل، محمد طیب ضیاء، عمران بھٹی ناظم یوتھ لیگ لاہور، ڈاکٹر اقبال نور اور سعید بھٹی صدر یوتھ لیگ لاہور نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ