فاطمہ جناح نے پاکستان اور جمہوریت کی بقاء کے لیے بے مثال کردار ادا کیا ہے، پاکستانی قوم کبھی انہیں فراموش نہیں کر سکتی

معاشرے میں ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرنا جہاد ہے، فاطمہ جناح نے اسی روش کو اپنایا
منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام ہونے والی ’’مادر ملت فاطمہ جناح‘‘ کی سالگرہ کے حوالے سے ایک تقریب سے ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی صاحبزادی قرۃ العین فاطمہ کا خطاب

ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی صاحبزادی قرۃ العین فاطمہ نے کہا کہ مادر ملت فاطمہ جناح رحمۃ اللہ علیہا پاکستان کا اثاثہ اور استحکام پاکستان کی روشن دلیل ہیں۔ فاطمہ جناح نے پاکستان اورجمہوریت کی بقاء کے لیے بے مثال کردار ادا کیا پاکستانی قوم کبھی انہیں فراموش نہیں کرسکتی۔گزشتہ روز تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام ہونے والی سالانہ تربیتی اور تنظیمی تقریبات میں مادر ملت فاطمہ جناح رحمۃ اللہ علیہا کی سالگرہ کے حوالے سے ایک تقریب سے خطاب کر رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین کو چاہیے کہ مارد ملت فاطمہ جناح کی طرح ملک و ملت کی خدمت کے لیے سرگرم عمل ہو۔ قرۃ العین فاطمہ نے کہا کہ معاشرے میں ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرنا جہاد ہے فاطمہ جناح نے اسی روش کو اپنایا جس کی وجہ سے آج بھی پاکستانی قوم قائداعظم محمدعلی جناح رحمۃ اللہ علیہ کے ساتھ ان کو بھی یاد کرتی ہے اور خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ موجودہ سائنسی دور میں بھی خواتین کو علم سے محروم رکھا جاتا ہے اس سے بڑی جہالت اور کیا ہو سکتی ہے۔ انہوں نے منہاج القرآن ویمن لیگ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فاطمہ جناح کے نام سے شاندار تقریب کا انعقاد کیا تاکہ خواتین کو معلوم ہو سکے کہ فاطمہ جناح نے نامساعد حالات کے باوجود تعلیم حاصل کی اور اپنے بھائی قائداعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کا بھر پور سیاسی ساتھ نبھایا۔ قرۃ العین فاطمہ نے کہا کہ فاطمہ جناح نے تحریک پاکستان میں خواتین کو منظم اور فعال کیا تاکہ مردوں کے ساتھ مل کر اپنا فرض ادا کریں۔ تقریب سے منہاج القرآن ویمن لیگ کی صدر فاطمہ مشہدی اور سیکرٹری جنرل سمیرا رفاقت نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی پاکستان بھر کی تنظیمات کی عہدیداران اور سینکڑوں خواتین نے بھی شرکت کی۔

تبصرہ