
منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی نظامت تربیت نے 13 اپریل سے 10 مئی 2016 تک مختلف اضلاع میں کارکنان کے لیے تربیتی کنونشنز کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں 18 اپریل کو چنیوٹ، 23 اپریل کو صفدرآباد، 26 اپریل کو حافظ آباد، 27 اپریل 2016 کو ناروال اور شکرگڑھ میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی ضلعی اور تحصیلی تنظیمات کے زیراہتمام تربیتی کنونشنز کا انعقاد کیا گیا۔ کنونشنز میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی سیکرٹری جنرل انیلا الیاس، مرکزی ناظمہ تربیت عائشہ مبشر، منہاج القرآن ویمن لیگ مغربی پنجاب کی سیکرٹری جنرل عائشہ قادری اور منہاج القرآن ویمن لیگ کشمیر کی سیکرٹری جنرل ام کلثوم خصوصی طور شریک ہوئیں اور تربیتی لیکچرز دیے۔
مختلف مقامات پر کنونشز کے شرکاء سے خطابات کرتے ہوئے منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی عہدیداران نے ’نصاب امن برائے انسدادِ دہشت گردی‘، ’منہاج القرآن ویمن لیگ کا نیا تنظیمی ڈھانچہ‘، ’ضرب امن مہم‘، ’دعوتی و تنظیمی منصوبہ‘ اور ’تنظیمی اخلاقیات‘ کے موضوعات پر روشی ڈالی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے گذشتہ چونتیس سال سے انتہاء پسندی، تنگ نظری، فرقہ واریت اور دہشت گردی کے خلاف علمی و فکری میدانوں میں بھرپور جدوجہد کی ہے۔ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف ناقابل تردید دلائل و براہین پر مشتمل آپ کا تاریخی فتویٰ 2010ء سے کتابی شکل میں دستیاب ہے۔ انتہاء پسندانہ تصورات و نظریات کے خلاف اور اسلام کے محبت و رحمت، امن و رواداری اور عدم تشدد کی تعلیمات پر مبنی حضرت شیخ الاسلام کی مزید درجنوں کتب بھی منظر عام پر آچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ تربیتی کنونشنز کے ذریعے شیخ الاسلام کے افکار کو فروغ دے رہی ہے، جن کے افکار کروڑوں لوگوں کی زندگیاں بدل رہے ہیں۔ تنظیمی زندگی میں ہمارا پہلا ہدف اپنی اصلاح اور پھر پورے معاشرے کی اصلاح کی کوشش ہے۔ یہی انسان کا مقصدِ حیات ہے۔







تبصرہ