
منہاج القرآن ویمن لیگ کے ذیلی فورم ایگرز کے زیراہتمام بچوں کی میلاد کینڈل واک اور میلاد جلوس کا اہتمام کیا گیا۔ استقبال ربیع الاول کے جلوس میں ننھے بچوں اور بچیوں نے شمعیں ہاتھ میں پکڑ کر شرکت کی، آقائے دو جہاں کے ساتھ اظہار عقیدت و محبت کےلئے بچوں اور بچیوں کی طرف سے نکالے گئے اس منفرد جلوس کا استقبال منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کیا۔
استقبال ربیع الاول جلوس ایگرز کے دو روزہ مولد کیمپ کا حصہ تھا، یہ کیمپ بچوں میں میلاد النبی منانے کے شعور کو فروغ دینے کے لیے لگایا گیا تھا۔ جلوس کے اختتام پر چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے بچوں کی خصوصی طور پر حوصلہ افزائی کی۔
چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہماری اولادیں سیرت طیبہ عمل پیرا ہو کر ایک صالح اور باعمل مسلمان بنیں تو پھر بچپن میں ہی ان کو اسلام کی زریں تعلیمات اور سرگرمیوں سے جوڑنا ہو گا۔
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ خاتم النبین ﷺ بچوں کے بھی شفیق آقا تھے۔ آپ بچوں سے بےحد پیار کرتے تھے اور ہمیشہ اس بات کا خیال رکھتے تھے کہ بچوں کی تعلیم و تربیت میں کوئی کمی نہ رہ جائے۔ آپ ﷺ حسنین کریمین سے اس حد تک پیار کرتے تھے کہ اپنے سجدوں کو طویل کر لیتے تھے تا کہ ان کے کندھوں پر سوار یہ عظیم بچے کسی راحت سے محروم نہ ہو جائیں۔ انہوں نے بچوں کی طرف سےاستقبال ربیع الاول کے جلوس کا اہتمام کرنے پر منہاج القرآن ویمن لیگ (ایگرز) کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ (ایگرز) کی طرف سے بچوں کی تعلیم و تربیت کا ایک شاندار منصوبہ شروع کیا گیا ہے جو قابل تعریف ہے۔
اس موقع پر آپ نے بچوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ان کی اس ایکٹیوٹی کو بے حد سراہا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے چھوٹے بچوں کے لیے بہترین تربیتی سرگرمیاں منعقد کرنے پر منہاج القرآن ویمن لیگ کی ٹیم کو خصوصی مبارکباد بھی پیش کی۔





تبصرہ