سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے بھرپور احتجاج ہو گا: نورین علوی

منہاج القرآن ویمن لیگ کی خواتین بڑی تعداد میں شریک ہوں گی
وزیراعظم شہید بہنوں، بھائیوں کو انصاف دینے کا وعدہ بھول گئے: فہنیقہ ندیم
صدر منہاج القرآن ویمن لیگ اور ناظمہ لاہور کا خواتین ورکرز سے خطاب

لاہور (16 جون 2021ء) تحریک منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور کی صدر نورین علوی اور فہنیقہ ندیم نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لئے جدوجہد ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ 17 جون کو شہدائے ماڈل ٹاؤن کی 7ویں برسی کے موقع پر عوامی تحریک اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی خواتین بڑی تعداد میں شملہ پہاڑی جمع ہوں گی اور اپنی شہید بہنوں اور بھائیوں کے انصاف کے لئے آواز بلند کریں گی۔

فہنیقہ ندیم نے ورکرز کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ہماری شہید بہنوں تنزیلہ امجد اور شازیہ مرتضیٰ کو انصاف دینے کا اپنا وعدہ بھول گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کے اداروں سے بھی ہمارا سوال ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر بننے والی جے آئی ٹی کو کام کرنے سے کیوں روکا گیا ہے۔ آخر غیر جانبدار تفتیش سے کون خوفزدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیرت ہے ایک ملزم کانسٹیبل کی درخواست پر جے آئی ٹی کو کام کرنے سے روک دیا گیا۔

صدر لاہور ویمن لیگ نورین علوی نے کہا کہ ہم اپنی شہید بہنوں اور بھائیوں کو کبھی نہیں بھول سکتے۔ ان کا انصاف بشکل قصاص لے کر رہیں گے۔ جب تک سانس چل رہی ہے انصاف مانگتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے درست کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت میں بھی مظلوموں پر انصاف کے دروازے بند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم بطور اپوزیشن رہنماء سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف دلوانے کا عہد کرتے تھے مگر آج وہ مظلوموں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرنے کے لئے دو بول بولنے کے بھی روادار نہیں ہیں۔

تبصرہ