
منہاج القرآن ویمن لیگ پی پی 38 سیالکوٹ کے زیرِ اہتمام 3 دسمبر 2022ء کو محفلِ میلاد مصطفیٰ ﷺ کا انعقاد کیا گیا جس میں مرکزی ناظمہ زونز انیلا الیاس نے ’حضور نبی اکرم ﷺ جانِ کائنات ہیں‘ کے موضوع پر خصوصی گفتگو کی۔
محفل میلاد مصطفی ﷺ کا آغاز تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا جس کے بعد بارگاہِ رسالتمآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے گئے۔ شرکائے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے انیلا الیاس کا کہنا تھا کہ ایمان کا مرکز و محور آقائے دو جہاں ﷺ کی ذاتِ مبارکہ ہے۔ آپ ﷺ سے نسبت و تعلق ہی حقیقتاً ایمان ہے۔ یہ تعلق اگر مضبوط و مستحکم ہو تو ایمان کامل اور اگر کمزور ہو تو ناقص و نامکمل اور اگر خدانخواستہ یہ تعلق ٹوٹ جائے تو ایمان کلیتاً ختم ہو جاتا ہے۔
محفل میں خواتین کے ساتھ ساتھ بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ محفل کے شاندار انتظامات پر ناظمہ زونز کی جانب سے پی پی 38 کی صدر رابعہ اعجاز کو خصوصی مبارکباد پیش کی۔ محفل کےاختتام پر امت مسلمہ بالخصوص پاکستان کی سلامتی، عظیم مصطفوی مشن کی کامیابی اور شیخ الاسلام کی صحت و درازئ عمر کیلئے دعا کی گئی۔



تبصرہ