
منہاج القرآن ویمن لیگ کوٹ عبد المالک کے زیرِاہتمام 19 دسمبر 2022 کو محفلِ میلاد مصطفیٰ ﷺ کا انعقاد کیا گیا جس میں حدیقہ بتول نے خصوصی خطاب کیا جبکہ نائب زونل ناظمہ سنٹرل پنجاب بی محترمہ بتول مشتاق نے خصوصی شرکت کی۔
محفل میلاد مصطفی ﷺ کا آغاز تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا جس کے بعد منہاج نعت کونسل کی جانب سے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے گئے۔ محفل میں موجود خواتین سے مخاطب ہوتے ہوئے حدیقہ بتول کا کہنا تھا کہ آقا علیہ الصلاۃ والسلام کی بعثت مبارکہ اس امت پر اللّٰہ تبارک وتعالیٰ کا سب سے بڑا احسان ہے۔ آپ نے اس امت کو ظلمت کے گھپ اندھیرے سے نکال کر شعور کے اجالوں کی راہ دکھلائی۔ پھر مزید رہنمائی کیلئے فرما دیا کہ:"إِنِّي قَدْ تَرَکْتُ فِيْکُمُ الثَّقَلَيْنِ، أَحَدُھُمَا أَکْبَرُ مِنَ الْآخَرِ : کِتَابُ اللهِ تَعَالَی، وَعِتْرَتِي" (او کما قال) بلا شبہ اہل بیت اطہار کی سیر میں بھی امت مسلمہ کیلئے رہنمائی موجود ہے۔
مزید انکا کہنا تھا کہ حضرت سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی حیات مبارکہ کے سارے پہلو مسلمان خواتین کیلئے مشعل راہ ہیں لیکن آپکا انقلابی کردار، جو دورانِ معرکہ کربلا آپ نے ادا کیا، ایک درخشندہ ستارے کی مانند عالَم اسلام کی تاریخ میں چمکتا دکھائی دیتا ہے۔ آپ نے نہ صرف مشکلات پر صبر و استقامت کا مظاہرہ کیا بلکہ اپنے پورے خاندان کو دین متین کی خاطر قربان کر کے بھی اللّٰہ تبارک وتعالیٰ کے حضور شکر گزار رہیں۔ آپ نے معرکہ کربلا کے بعد حسینیت کو زندہ رکھنے کیلئے فصاحت و بلاغت سے بھرپور ایسا اثر انگیز خطاب فرمایا کہ یزیدیت انگشت بدنداں ہو گئی۔ آپ نے نہ صرف اعلائے کلمۃ الحق کیا بلکہ اس کے ذریعہ مسلمانوں میں شعور بیدار کیا۔
محفل کے شاندار انعقاد پر نائب زونل ناظمہ بتول مشتاق نے ناظمہ کوٹ عبد المالک ثانیہ دلدار، ناظمہ دعوت کنزہ گل اور صدر ایم ایس ایم عائشہ مشتاق کو خصوصی مبارکباد پیش کی اور ان کی دینی و ملی کاوشوں کو سراہا۔ محفل کے اختتام پر امت مسلمہ بالخصوص پاکستان کی سلامتی، عظیم مصطفوی مشن کی کامیابی اور شیخ الاسلام کی صحت و درازئ عمر کیلئے دعا کی گئی۔



تبصرہ